News Details

14/02/2018

پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ ٹریک کے کم ازکم آٹھ بس سٹیشنز کی تعمیر جلد ازجلد مکمل کرنے جبکہ باقی سٹیشنز کے ڈیزائن

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ ٹریک کے کم ازکم آٹھ بس سٹیشنز کی تعمیر جلد ازجلد مکمل کرنے جبکہ باقی سٹیشنز کے ڈیزائن سمیت دیگر تمام لوازمات کو 19فروری تک حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ باقی ماندہ تمام بس سٹیشنز کو یکے بعد دیگرے ایک یا دو ہفتوں کے وقفوں کے دوران تکمیل یقینی بنائی جائے تاکہ شہری ٹرانسپورٹ کی اس جدید اور تیز ترین سہولت سے بروقت مستفید ہونا شروع ہوں۔انہوں نے ہدایت کی کہ جہاں ریپڈ بس کا ٹریک مکمل ہو وہاں کے اطراف میں سڑکوں سے ملبہ ہٹا کر اُنہیں کشادہ کیا جائے تاکہ عام ٹریفک کی آمدورفت میں بہتری کے علاوہ دونوں جانب کی دُکاندار اور تاجر برادری اور راہگیروں کو دھول اور کیچڑ سمیت تمام تکالیف سے بھی فوری نجات ملے ۔ انہوں نے چھڑکاؤ کا عمل باقاعدہ بنانے کی ہدایت بھی کی ۔وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے چیف سیکرٹری محمد اعظم خان، سٹریٹیجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعید، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام سے بس سٹیشنز، سائیکل ٹریک،پارکنگ پلازہ، پیر زکوڑی پل، جرسی بیرئیر، فیڈرروٹس بس سٹاپس، بسوں کی خریداری اور روٹ پر پہلے سے چلنے والی پرانی بسوں کی تبدیلی پر پیش رفت سے آگاہی حاصل کی اجلاس کو بتایا گیا کہ آٹھ بس سٹیشنز تعمیراتی کام کیلئے ٹھیکیداروں کے حوالے کردیئے گئے ہیں جبکہ دیگر سٹیشنز تیاری کے حتمی مراحل میں ہیں۔وزیر اعلیٰ نے 19فروری تک تمام سٹیشنز پر تعمیراتی کام یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے سائیکل ٹریک خصوصاً لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے پاس سائیکل ٹریک میں درپیش رکاوٹیں جلد دور کرنے اور کام مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پارکنگ پلازہ کی تعمیر میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے، پیش رفت جاری ہے۔ پیر زکوڑی پل لیول ٹو میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی فنی مشاورت کی وجہ سے تاخیر ہوئی وزیر اعلیٰ نے پیر زکوڑی لیول ٹو کی تعمیر ایشیائی ترقیاتی بینک کی بجائے صوبائی فنڈز سے مکمل کرنے کی ہدایت کی اورواضح کیا کہ اس سلسلے میں مزید تاخیربرداشت نہیں کی جائے گی۔ اس موقع پر کوریڈور کے اطراف میں جدیدجرسی بیرئیر کی تنصیب جلد شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ وزیر اعلیٰ نے ان تمام معاملات کو 19فروری 2018تک ہر صورت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی اور تنبیہ کی کہ اسے حتمی ڈیڈ لائن تصور کیا جائے جس کے بعد تاخیر کی صورت میں کسی قسم کا عذر یا توجیہہ قابل قبول نہیں ہو گی ہم بی آر ٹی منصوبے کو تیز رفتاری سے مکمل کرنا چاہتے ہیں جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گااجلاس میں اندرون شہر چلنے والی پرانی بسوں کی تبدیلی کے حوالے سے یونین کے ساتھ مشاورت کے ذریعے حقیقت پسندانہ فارمولہ وضع کرنے اور بعد ازاں سمری کی شکل میں حتمی منظوری دینے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ متاثرین کو منصفانہ طریقے سے ادائیگی کی جا سکے۔