News Details

05/02/2018

وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے میں اپنا کردار ادا کریں

خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔ نہتے کشمیری عوام پر ظلم و ستم بنیادی انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ۔اس مسئلے کو امن اورحقوق کے علمبردار بین الاقوامی اداروں کو سنجیدگی سے لیناچاہیئے ۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت اہل کشمیر کو استصواب رائے کا مسلمہ حق دینے کی بجائے الٹا ان پر مظالم کے پہاڑ ڈھا رہا ہے جو مہذب دنیا کا شیوہ نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام پر فوجی بربریت بھارت کے جمہوری چہرے کا بدنما داغ بن چکی ہے مگر ظلم اور طاقت کے بل بوتے کسی قوم کو محکوم نہیں بنایا جا سکتا جابرانہ ریاستی اقدامات سے آزادی کشمیر کی جدوجہد کو دبانا ممکن نہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ بھارت ہوش کے ناخن لے اور برصغیر کے ڈیڑھ ارب لوگوں کو جنگ اور تباہی کے خطرات میں نہ ڈالے۔خطے کے دیرپا مفاد میں بھی یہی ہے کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قرارداددں کے مطابق حل کیا جائے جو خطے میں پائیدار امن کی کنجی ثابت ہو گا۔ عالمی میڈیا کو بھی چاہئے کہ یہ حقیقت موثر اطور پر اُجاگر کرے کیونکہ پورے جنوبی ایشیاء میں دائمی امن کشمیر کی آزادی سے مشروط ہے ۔ پرویز خٹک نے واضح کیا کہ پاکستان اور کشمیریوں کے دینی اور ثقافتی رشتے صدیوں پر انے ہیں ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ہم بحیثیت قوم کشمیریوں کی بھرپور اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے ہم مظلوم کشمیریوں پر بھارت کے بڑھتے ہوئے ریاستی جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کرتے ہیں آج کشمیری اپنے آزدی کے پیدائشی حق کیلئے پوری دنیا میں سراپا احتجاج ہیں اور عالمی برادری کا ضمیر جھنجوڑ رہے ہیں کہ وہ نہتے عوام پر ظلم و ستم کے خاتمے اور آزادی کی اس تحریک کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں عملاً کردار ادا کرے۔