News Details
02/02/2018
صوبائی کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی صدارت میں
صوبائی کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی صدارت میں ہوا۔ کابینہ نے 200 بستروں پر مشتمل چلڈرن ہسپتال مردان کو میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ مردان میڈیکل کمپلیکس کے زیر انتظام لانے کی منظوری دی۔ چلڈرن ہسپتال کمپلیکس کی حدود میں تعمیر کیا گیا ہے۔ امسال مذکورہ ہسپتال باقاعدہ کام شروع کردے گا۔ اس ہسپتال کا 60 فیصد تعمیر ی کام مکمل ہو چکا ہے ۔ اب چلڈرن ہسپتال کی تعمیر اور اس کا انتظام مردان میڈیکل کمپلیکس کے بورڈ آف گورنر سرانجام دے گا۔ کابینہ کے اجلاس میں صوبائی وزراء ، چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی ۔کابینہ نے محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹزانزٹ کے 62 کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی کی بھی منظوری دے دی ہے۔ ان ملازمین میں 8 موٹر وہیکل ایگزا مینر (MVEs) اور54 وہیکل امیشن ٹیسٹنگ سٹیشن (VETS) کے کنٹریکٹ ملازمین شامل ہیں۔صوبائی کابینہ نے لیگل ایڈوائز اور لیگل پریکٹشنرز کی تعیناتی سے متعلق خیبرپختونخوا رولز آف بزنس 1985 شیڈول II میں ضروری ترامیم کی منظوری دے دی۔
صوبائی کابینہ نے چپس کرشرز پلانٹس کی 6 ماہ کے عرصہ میں منتقلی کی منظوری دے دی ہے۔ دریں اثناء حکومت ضلعی انتظامیہ کے ذریعے نئی جگہ کے تعین اور زمین کے حصول کے معاملات نمٹائے گی ۔ وزیراعلیٰ نے غیر قانونی سٹون پاور کرشرز کے حوالے سے متعلقہ حکام کو سروے کرنے اور آباد ی سے فاصلے پر منتقل کرنے کیلئے مناسب ٹائم فریم وضع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اسے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کریں غیر رجسٹرڈ کرشنگ مشینوں کے رجسٹریشن کا عمل تیز کریں تاکہ ترقی کا عمل سست روی کا شکار نہ ہو اور ماحولیاتی آلودگی کے خطرات کو بھی کم سے کم سطح پر لایا جا سکے، وزیراعلیٰ نے پشاور میں بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کیلئے مکمل سروے کرنے کی ہدایت کی تاکہ ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والے عوامل کا سدباب کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے اس سلسلے میں ضروری قانون سازی کرنے کی ہدایت کی تاکہ صوبائی دارالحکومت کو ماحولیاتی آلودگی کے مضر اثرات سے بچانے کیلئے موثر اقدامات اُٹھا ئے جاسکیں۔
وزیراعلیٰ نے وزیر صحت اور محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ مولوی جی ہسپتال ، نصیر اﷲ بابر ہسپتال، صفت غیور ہسپتال اور پولیس ہسپتال کا دورہ کریں اور ان ہسپتالوں کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے درکار ضروریات کیلئے تجاویز مرتب کریں ۔حکومت مذکورہ ہسپتالوں کیلئے ضروری مرمت اور تعمیر کیلئے تمام وسائل مہیا کرے گی تاکہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات یقینی بنائی جا سکیں۔