News Details

01/02/2018

چین کی حکومت نے سی پیک منصوبوں میں عدم دلچسپی کی رپورٹس کو افواہ اور پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے

چین کی حکومت نے سی پیک منصوبوں میں عدم دلچسپی کی رپورٹس کو افواہ اور پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ چین نہ صرف اکنامک کوریڈور کے عظیم الشان منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہتا ہے بلکہ اپنے ہمسایہ صوبے کی حیثیت سے خیبرپختونخوا اور ملحقہ قبائلی علاقہ جات کی تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی کا پلان بھی بنا چکا ہے یہ بات اسلام آباد میں تعینات عوامی جمہوریہ چین کے سفیر یاؤ جینگ نے خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سے ملاقات کے دوران بتائی سی ایم ہاؤس پشاور میں اس ملاقات کے دوران صوبائی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر بھی موجود تھے وزیراعلیٰ نے چینی سفیر کو صوبے کی جغرافیائی اور سیاسی و معاشی صورت حال کے علاوہ سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار بالخصوص مغربی روٹ سے متعلق صوبائی حکومت کے تحفظات سے آگاہ کیا نیز باہمی دلچسپی کے دیگر اُمور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا چینی سفیر نے صوبے کی تعمیر و ترقی، اداروں کے استحکام اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات اور بالخصوص وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا اور اپنی حکومت کی نیک خواہشات سے انہیں آگاہ کیا انہوں نے بتایا کہ چینی حکومت اور عوام کو اپنی سرحدوں سے ملحقہ ممالک میں لوگوں کی غربت اور بے روزگاری کا پورا احساس ہے اس لئے نہ صرف وہاں سیاسی اور معاشی ترقی اور استحکام کا متمنی ہے بلکہ اس میں اپنے حصے کا کردار بھی ادا کرنے کو تیار ہے انہوں نے انکشاف کیا کہ ڈیورنڈ لائن کے دونوں اطراف پاکستان اور افغانستان کے باشندوں کی پسماندگی دور کرنے کیلئے روزگار کی سکیموں کا ایک جامع پلان بھی عنقریب سامنے لایا جا رہا ہے جس میں پاک افغان حکومتوں کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخوا حکومت کی معاونت بھی درکار ہوگی پرویز خٹک نے چینی سفیر کو خیبرپختونخوا حکومت کی اُن اصلاحات اور قانون سازی کے عمل سے آگاہ کیا جو صوبائی حکومت کے بہتر نظم و نسق، سی پیک منصوبوں پر عمل درآمد اور صوبے کی پیداوری صلاحیت بڑھانے خصوصاً بجلی کی پیداوار، معدنیات اور آئل اینڈ گیس کے شعبوں میں مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے محفوظ مواقع پیدا کرنے کیلئے کئے جا رہے ہیں اس موقع پر وزیراعلیٰ نے چینی سفیر کے ساتھ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بہتر صورتحال کا بھی ذکر کیا جس سے صوبے میں سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کیلئے سازگار ماحول پیدا ہو رہا ہے اُنہوں نے چینی سفیر کو صوبے میں جاری چینی منصوبوں میں ہر ممکن تعاون اور مدد کا یقین بھی دلایا اور کہا کہ چین دوسری عالمی اقوام کے مقابلے میں پاکستان کے زیادہ قریب ہے اور خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک میں چینی باشندوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا تا ہے پرویز خٹک نے چین اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے دو طرفہ تعاون کے پیش نظر پاکستانیوں کیلئے چینی زبان سیکھنے کے ساتھ ساتھ سائنسی علوم میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادے کی ضرورت پر زور دیا انہوں نے کہا کہ سی پیک کے مغربی روٹ پر ہم چینی حکومت اور اپنے وفاق کے واضح موقف اور ٹھوس اقدامات کے خواہشمند ہیں کیونکہ یہ پورے جنوبی ایشیاء کی خوشحالی کا منصوبہ ہے انہوں نے گلگت، چترال ، سوات، مردان تا رشکئی نئے سی پیک روٹ کی تجویز پر سنجیدگی سے غور پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس کی بدولت افغان پٹی واخان کے ذریعے تمام وسطی ایشیائی ریاستوں تک ہمارے مواصلاتی اور تجارتی رابطے بحال ہوجائیں گے اور پورا خطہ دن دگنی رات چگنی ترقی کرے گا پرویزخٹک نے کہا کہ ہم نے سی پیک منصوبوں کی سیکورٹی کیلئے وفاق کے اقدامات کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومت کی جانب سے بھی خصوصی فورس قائم کردی ہے ہم نے بیجنگ روڈشو کے بعد چینی کمپنیوں سے 80 سے زائد ترقیاتی معاہدے کئے چینی حکومت کی جانب سے رشکئی اور حطار کے صنعتی زونز پر برق رفتاری سے کام اسلئے ضروری ہے کہ اول الذکرخیبرپختونخوا کا مرکز اور برصغیر کا گیٹ وے ہے تو آخرالذکرریلوے نٹ ورک کا منبع ہے اور ان دونوں مقامات پر صنعتی اور معاشی سرگرمیوں کا مطلب پورے خطے کا معاشی استحکام ہے انہوں نے کہا کہ پشاور گریٹر سرکلر ریلوے کی جلد از جلد تکمیل سے صوبے کے پانچ بڑے اضلاع ریل نٹ ورک سے منسلک ہونگے اور صوبے کی 40 فیصد آبادی کوبراہ راست معاشی خود کفالت کی راہ ملے گی اسی طرح پن بجلی کے منصوبوں پر عمل درآمد سے کارخانوں کو سستی ترین بجلی ملے گی اور پورے ملک میں توانائی کا بحران ختم ہوگا انہوں نے چشمہ رائٹ بنک کینال کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں چینی معاونت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لفٹ ایریگیشن کے اس بڑے منصوبے کی بدولت جنوبی اضلاع میں 3 ہزار ایکڑ سے زائد بنجر اراضی قابل کاشت بن کر سونا اگلنا شروع کردے گی پرویز خٹک نے صوبے کی ترقی میں چینی حکومت کی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ جیسا عظیم منصوبہ بھی چینی کمپنی مکمل کر رہا ہے اور اس کی بسیں بھی چین سے آرہی ہیں چینی سفیر نے وزیراعلیٰ کو خیبرپختونخوا میں چین کے تعاون سے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کا یقین دلاتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں پن بجلی کے کئی منصوبے زیر تکمیل ہیں اُنہوں نے ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے شعبوں میں مزید تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ بعض دیگر شعبوں میں بھی دو طرفہ تعاون کے بے شمار مواقع موجود ہیں اُنہوں نے خیبرپختونخواکے پرائمری تعلیم کے شعبے میں چین کی حکومت کی جانب سے تعاون کی بھی پیشکش کی اور تعلیم، صحت اور فنی تعلیم کے شعبوں میں تعاون میں دلچسپی ظاہر کی اُنہوں نے پاکستان میں پائیدار ترقی اور خوشحالی واستحکام کیلئے چین کی حکومت کی نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔