News Details

31/01/2018

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے عوامی شکایات اور مسائل کے ازالے کیلئے ایک خود کار طریقہ کار وضع کیا ہے جس نے لوگوں کا مسائل کے حل کیلئے سرکاری اور سیاسی افراد پر انحصار کم سے کم کردیا ہے ۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے عوامی شکایات اور مسائل کے ازالے کیلئے ایک خود کار طریقہ کار وضع کیا ہے جس نے لوگوں کا مسائل کے حل کیلئے سرکاری اور سیاسی افراد پر انحصار کم سے کم کردیا ہے ۔وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں دیر پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کی حلف برادری تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔سینئر وزیر عنایت اﷲ خان اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات امداد اﷲنے بھی تقریب میں شرکت کی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ انہوں نے صوبے میں قابل عمل نظام وضع کرنے کیلئے تمام محکموں میں رولز بنائے ہیں۔تمام محکموں کو دیئے گئے رہنما اُصولوں کی روشنی میں مسائل کے ازالے اور حقوق کی فراہمی کا ایک طے شدہ نظام موجود ہے ۔اب حقوق کے حصول کیلئے عوام الناس اور صحافیوں کو دربدر کی ٹھوکریں نہیں کھا نا پڑتیں ۔پرویز خٹک نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں سفارش ، ذاتی پسند و ناپسند ، اقرباء پروری اور ایک شخص کی قیمت پر کسی دوسرے من پسند شخص کی ترقی کا کلچر ماضی کا حصہ بن چکا ہے ۔ موجودہ سسٹم میں اس کی کوئی گنجائش نہیں ۔صحافتی برادری کی فلاح کیلئے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ اب وزیراعلیٰ، وزراء اور دیگر سرکاری حکام کو صحافیوں اور لوگوں سے وعدے کرنے اور اعلانات کرنے کی ضرورت نہیں ۔ہم نے ایک نظام وضع کردیا ہے جس نے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کی ضمانت دی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت صحافیوں سے بامقصد رپورٹنگ کی توقع رکھتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ صحافی معاشرے اور سسٹم کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں ۔صحافیوں کو چاہیئے کہ وہ قابل عمل نظام کا ساتھ دیں اور جولوگ اور محکمے سسٹم کی بہتری کیلئے کام کرتے ہیں اُن کے ہاتھ مضبوط کریں ۔وزیراعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ صحافی غیر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حقائق اور واقعات کے تمام پہلو اُجاگر کریں گے اور نتیجہ خیزی اور فیصلہ سازی عوام پر چھوڑ دیں گے وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت نے ماضی کے تباہ حال نظام کو ٹھیک کرنے کیلئے کام کیا اور ایک قابل عمل اور شفاف نظام متعارف کرایا جس میں عوام کو حکومت کی فراہم کردہ سہولیات سے استفادہ کرنے کا بھر پور موقع دیا گیا ۔وزیراعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ اُن کے بنائے گئے نظام کی وجہ سے صحافیوں اورمعاشرے کے دیگرطبقات کو اپنے حقوق کے حصول کیلئے مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پریس کلب اپر دیر کے جاری تعمیر ی کام کیلئے وسائل مہیا کرنے کایقین دلایا۔انہوں نے صوبہ بھر کے پریس کلبوں کیلئے پہلے سے منظور شدہ طریقہ کار کے مطابق پریس کلب دیر کیلئے بھی فکس گرانٹ کی فراہمی کا بھی یقین دلایا۔انہوں نے محکمہ اطلاعات کو ہدایت کی کہ اس سلسلے میں پی سی ون تیار کیا جائے ۔