News Details

29/01/2018

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے شیخ ملتون ٹاؤن مردان میں انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام 15 مارچ تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے شیخ ملتون ٹاؤن مردان میں انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام 15 مارچ تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔اُنہوں نے ہدایت کی کہ کام سو فیصد مکمل کرکے آگے بڑھیں اور فنشنگ بھی ضروری ہے ۔توڑ پھوڑ کرکے آگے نکلتے جائیں گے تو عوام کیلئے مسائل پیدا ہوں گے ۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر محمد عاطف خان، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، واٹر سپلائی اینڈ سنٹیشن کمپنی مردان ، مردا ن ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور نیشنل لاجسٹک سیل کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس کو شیخ ملتون ٹاؤن مردان سمیت این ایل سی کے ذریعے زیر تعمیر ترقی و بحالی کی دیگر سکیموں پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ شیخ ملتون ٹاؤن میں 325.625 ملین روپے کی لاگت سے ا نفراسٹرکچر کی بحالی کے فیز I پر 12 جنوری 2017 سے کام شروع ہے ۔پراجیکٹ کی مدت 12 ماہ تھی ۔78 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ۔وزیراعلیٰ نے 15 مارچ 2018 تک ہر صورت میں پراجیکٹ مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ منصوبے کا معیار یقینی بنایا جائے ۔ترقی نظر آنی چاہیئے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ زیر تعمیر پارکس بھی فروری میں مکمل ہوں گے ۔جواد چوک فلائی اوور مردان پر بھی کام شروع ہے ۔ اپریل تک فلائی اوور کاکام مکمل کرلیں گے ۔ چارسدہ چوک فلائی اوور مردان بھی اپریل میں مکمل ہو گا۔ میگا پارک مردان کی ترقی پر بھی کام ابھی شروع کیا ہے ۔ چھ ماہ میں مکمل ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر مردان میں کمرشل اور رہائشی پلاٹس کی فروخت پر بھی پیش رفت طلب کی اور ہدایت کی کہ 30 مارچ تک تمام پلاٹس فروخت ہونے چاہئیں ۔ پلاٹس کی فروخت میں شفافیت یقینی بنائی جائے ۔پبی کی بحالی اور خوبصورتی کیلئے جاری سکیم پر پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ جی ٹی روڈ کے اطراف میں جنگلے زیادہ تر لگائے جا چکے ہیں تاحال سڑک پر جنریٹر کے ذریعے لائٹنگ بھی فعال کردی گئی ہے ، ٹرانسفارمرز پہنچ چکے ہیں مگر واپڈا کی طرف سے ڈیمانڈ نوٹس اور کنکشن باقی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کام میں بلاوجہ تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ ٹھیکیداروں کو بروقت ادائیگی کریں اور تیز رفتار ی سے کام لیں۔