News Details
19/01/2018
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی گجر گڑھی مردان میں مقتولہ اسماء کے گھر آمد، متاثرہ خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک گجر گڑھی مردان میں ا ندھے قتل کا نشانہ بننے والی چارسالہ معصوم بچی کے گھر گئے جہاں انہوں نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا صوبائی وزیر محمد عاطف خان مقامی ایم پی ایز افتخار مشوانی اور ذاہد درانی، انسپکٹرجنرل پولیس خیبرپختونخوا صلاح الدین محسود ،ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ حکام اور عمائدین علاقہ بھی اس موقع پر موجود تھے اس موقع پر مقامی کمیٹی کے اراکین اور عمائدین علاقہ نے مقتولہ کے ملزمان کا سراغ لگانے کیلئے مقامی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون پر بھرپور اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ بلاشبہ معصوم بچی کا قتل کر کے بہت بڑا ظلم کیا گیا ہے تاہم ہم نے اس واقعے کو سیاسی رنگ دیا اور نہ دینگے ہم ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون اور اخلاص کو دیکھتے ہوئے امید رکھتے ہیں کہ ملزمان جلد کیفرکردار تک پہنچیں گے وزیراعلیٰ نے اندوہناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم جان کو ظلم کا نشانہ بنانے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ظالم کو ضرور سزا ملے گی اور مظلوم اور متاثرہ خاندان کو انصاف ملے گا انہوں نے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا پولیس اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس افسوسناک واقعے کے ملزمان کا جلد سراغ لگائیگی اور ملزم اپنے عبرتناک انجام کو پہنچے گا پرویز خٹک نے کہا کہ ہماری پولیس اپنے فرائض اور ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور اس نے مختلف واقعات میں اپنی فرض شناسی، عوام دوستی اور مستعدی کا ثبوت دیا ہے پولیس عوام کی خدمت کیلئے ہے مذکورہ واقعے کی روزانہ کی بنیاد پر تفتیش جاری ہے آئی جی پولیس خودصبح و شام پیش رفت کی رپورٹ لیتے ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندان کے ساتھ اس غم میں برابر کی شریک ہے لواحقین کو انصاف دلانے اور ملزم کو کیفرکردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے پرویز خٹک نے اس موقع پر متاثرہ خاندان کی مالی معاونت کا بھی یقین دلایا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بچی کو والدین کیلئے اخروی اجر اور شفاعت کا ذریعہ بنائے اور دنیا میں اس ناقابل تلافی نقصان پر صبر و استقامت عطا فرمائے۔