News Details

18/01/2018

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے تبدیلی کے ایجنڈے اور مجموعی اصلاحاتی اقدامات کا مرکز و محور عام آدمی ہے جس کو سیاستدانوں نے کبھی سنجیدگی سے نہیں لیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے تبدیلی کے ایجنڈے اور مجموعی اصلاحاتی اقدامات کا مرکز و محور عام آدمی ہے جس کو سیاستدانوں نے کبھی سنجیدگی سے نہیں لیا گذشتہ کئی دہائیوں سے کرپٹ نظام نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی تھی ہم نے ساڑے چار سالوں میں تعلیم ، صحت ، پولیس، پٹوار اور خدمات کے تمام شعبوں میں جتنے اقدامات بھی اٹھائے ان کا مقصد عام آدمی کو انصاف کی فراہمی ہے ہم نے اس مقصد کیلئے سو سے زائد قوانین بنائے ، دیرپا اقدامات اٹھائے تاہم عدالتوں میں غریب کو درپیش مشکلات کے ازالے کیلئے سول پروسیجر کوڈ کے رولز میں ترامیم صوبائی حکومت کا غریب کی آسانی کیلئے تاریخی اقدام ہے یہ ایک ایسا دیرینہ مسئلہ تھا جو سیاستدانوں اور حکمرانوں کی نظر سے ہمیشہ اوجھل رہا وکیلوں کی بھاری فیسوں اور دہائیوں پر مشتمل طویل مقدمہ بازی نے غریب کی زندگی عذاب بنا رکھی تھی ہم نے متعلقہ حکام کے ساتھ طویل مشاورت کے ساتھ ترامیم تجویز کی ہیں جنکی صوبائی کابینہ کے حالیہ اجلاس میں منظوری دے دی گئی ہے اب خیبر پختونخوا میں دیوانی مقدمات کا فیصلہ ایک سال میں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں رکن صوبائی اسمبلی اور مشیر برائے ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد وزیر کی قیادت میں بنوں کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا صوبائی وزیر برائے قانون امتیاز شاہد قریشی اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے عمران خان کے انسان دوست ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے ساڑھے چار سالوں میں عام آدمی کی آسانی کیلئے بھرپور اقدامات کئے ہیں یہی وجہ ہے کہ حکومت کے آخری سال میں بھی صوبے کی روایت کے برعکس پی ٹی آئی کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے اور لوگ جوق در جوق شامل ہو رہے ہیں وزیر اعلیٰ نے سول پروسیجر کوڈ 1908کے قانون کے تحت رولز میں ترامیم کا خصوصی طور پر حوالہ دیا اور کہاکہ عوام کی آسانی کیلئے صوبائی حکومت کا بہت بڑا فیصلہ ہے ۔ان ترامیم کے حوالے سے چار سال مشاورت چلتی رہی بالآخر ہم نے اس مشکل کام کو ممکن بنا دیا ۔اب دیوانی مقدمات کی تاریخیں فریقین کے باہمی اتفاق سے متعین ہوں گی ۔ زیر التواء مقدمات کو تیز رفتاری سے نمٹانے کیلئے ہم ہائی کورٹ کو اپنے اختیارات کے مطابق بھر پور سہولیات دینے کیلئے پر عزم ہیں۔ ہائی کورٹ کو درکار عملہ دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے عندیہ دیا کہ وہ کریمنل لاء میں بھی ترامیم کیلئے وفاق کو اپنی سفارشات دیں گے ۔پرویز خٹک نے کہاکہ یہ کام بہت پہلے ہونا چاہیئے تھا مگر عوام کی تکلیف کا حکمرانوں نے سوچا ہی نہیں۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ عوام کے مسائل اور خصوصاً غریب آدمی کی تکالیف سے بے خبر سیاستدان قیادت اور نمائندگی کا حق نہیں رکھتے ۔اُن کی حکومت تعلیم اور صحت سمیت ہر شعبے میں غریب کو انصاف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے ۔سکولوں کا معیار بلند کیا گیا ہے صوبہ بھر میں90 کے قریب کالجز بنائے گئے ہیں ۔ ہسپتالوں میں معیاری اور بلا تعطل خدمات کی فراہمی کیلئے اربوں روپے خرچ کئے گئے جبکہ مشینری کی ضروریات پورا کرنے کیلئے تین ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر ریسکیو1122 کی سہولت مہیا کی گئی جسے اب ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر تک توسیع دی جارہی ہے ۔پرویز خٹک نے کہا کہ یہ واحد حکومت ہے جس نے مثالی بلدیاتی نظام کے ذریعے اداروں کو نچلی سطح تک منتقل کیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پی ٹی آئی اپنی کارکردگی کی بدولت صوبے کی روایت بدلنے جارہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے بنوں میں نئی تحصیل نیریا ں کے ا علامیہ کے حوالے سے کہاکہ چونکہ الیکشن کمیشن نے ابھی نئی تحصیلوں اور اضلاع پر پابندی عائد کی ہے ۔ہم کابینہ سے تحصیل کی منظوری لے چکے ہیں اور مشروط اعلامیہ بھی جاری کردیں گے جب پابندی اُٹھے گی تو تحصیل عملی طور پر فعال ہو جائے گی ۔وفد نے اس موقع پر وزیراعلیٰ کے بنوں کے مجوزہ دورہ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔