News Details
14/01/2018
وزیر اعلی خیبر پختو نخوا پرویز خٹک نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ مختلف سیاسی پارٹیوں کا خود جائزہ لیں اور دیکھیں کہ انہوں نے انتخابی منشور میں دیئے گئے وعدوں کو پورا کیا ہے کہ نہیں ۔
وزیر اعلی خیبر پختو نخوا پرویز خٹک نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ مختلف سیاسی پارٹیوں کا خود جائزہ لیں اور دیکھیں کہ انہوں نے انتخابی منشور میں دیئے گئے وعدوں کو پورا کیا ہے کہ نہیں ۔یہ عوام کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ایسی سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو ووٹ دیں جو عوام کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہوں اور اپنے وعدوں کی تکمیل کیلئے پر عزم ہوں اسی طریقے سے ایماندار اور مخلص قیادت کا انتخاب ممکن ہے ہفتہ کے روزضلع ہری پور کے ایک روزہ دورہ کے دوران خان پور میں ایم پی اے راجہ عامر زمان کی میزبانی میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنے انتخابی منشور پر سختی سے عملدرآمد کیا ہے سیاسی مداخلت کا خاتمہ کرکے اداروں کو مضبوط کیا اور وسیع پیمانے پر قانون سازی کی جس نے کرپشن، نا انصافی، اقرباء پروری اور مفاد پرستی کا خاتمہ یقینی بنایا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کو ایسے خطوط پر استوار کیا گیا ہے جس سے نا انصافی ، بد عنوانی، ظلم یعنی پرانے تھانہ کلچر کا مکمل طور پر خاتمہ کیا گیا ہے خیبر پختونخوا پولیس اب حقیقی معنوں میں ایک فورس بن چکی ہے جو بغیر کسی امتیاز کے شہریوں کی خدمت میں مصروف ہے دوسری طرف سکولوں میں 45ہزار اساتذہ خالصتاً میرٹ پر بھرتی کئے گئے ہیں سکولوں میں اساتذہ کی غیر حاضری پر پابندی لگائی گئی ہے اساتذہ کی حاضری کو باقاعدگی سے مانیٹر کیا جا رہا ہے سرکاری سکولوں میں پرائمری کی سطح پر بنیادی کلاسز میں غریب کے بچوں کیلئے بھی انگلش میڈیم کا اجرا کر چکے ہیں تاکہ وہ بھی امیروں کا مقابلہ کرنے کے قابل ہو سکیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسی طرح کی قابل عمل اصلاحات شعبہ صحت میں بھی کی گئی ہیں وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ جب وہ حکومت میں آئے تو ہسپتالوں میں نہ ڈاکٹر تھے نہ مشینری غریب آدمی کو معیاری ادویات تک فراہم نہیں تھیں ہماری حکومت نے ڈاکٹروں کی تنخواہیں 45ہزار سے بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ تک کر دیں ، ہسپتالوں کو خدمات کی فراہمی کیلئے ٹریک پر ڈال دیا گیا آج صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز موجود ہیں معیاری ادویات کی فراہمی کیلئے ہسپتالوں کی سطح پر فارمیسیز قائم کی گئی ہیں پرویز خٹک نے کہا کہ ان کی حکومت نے نادار اور انتہائی غریب خاندانوں کیلئے صحت انصاف کارڈز کا اجرا کیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی سروس فری کر دی گئی ہے اور ہسپتالوں میں لیبارٹری آلات کی ضرورت پوری کی جا رہی ہے پرویز خٹک نے کہا کہ اب عوام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ تحریک انصاف کی کارکردگی کا صوبے میں حکمرانی کرنے والی دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ موازنہ کریں عوام دیکھیں کہ روٹی ، کپڑا ، مکان ، اسلام اور پختونوں کا نعرہ لگانے والوں نے اقتدار میں آنے کے بعد اپنے منشور پر عمل کیا یا نہیں ۔ ان لوگوں نے اپنے مفادات کو ترجیح دی عوام کو دھوکہ دیا اور غریب کیلئے کچھ نہیں کیا پرویز خٹک نے کہا کہ اس کے بر عکس موجودہ صوبائی حکومت نے عوامی خدمت کیلئے ہر ادارے کو ڈیلیور کرنے کے قابل بنایا موجودہ صوبائی حکومت نے دیگر شعبوں میں اصلاحات کے ساتھ ساتھ اسلامی اقدامات بھی اٹھائے وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر خان پور کے تمام ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا اعلان کیا تاکہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی صورت میں عوام کو پانی کے معاملے میں مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ سابق ایم این اے راجہ فیصل زمان ، سابق صوبائی وزیر یوسف ایوب خان اور دیگر نے بھی جلسے سے خطاب کیا اور علاقے میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے قیام اور عوامی فلاح کی سرگرمیوں کو سراہا جبکہ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب کے علاوہ ضلع ناظم عادل اسلام ، نائب ناظم آغا شبیر، تحصیل ناظم طارق خان اور نائب ناظم احسان شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔