News Details

12/01/2018

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پشاور کی ترقی پی ٹی آئی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اس مقصد کیلئے کئی میگا پراجیکٹس شروع کئے گئے ہیں

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پشاور کی ترقی پی ٹی آئی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اس مقصد کیلئے کئی میگا پراجیکٹس شروع کئے گئے ہیں پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم اپنی تکمیل پر صوبائی دارلحکومت کی خوبصورتی بڑھانے اور ٹرانسپورٹ مسائل کے مستقل حل کے علاوہ آلودگی کے خاتمے کیلئے بھی شاہکار منصوبہ ثابت ہو گا اسی طرح پشاور میں بین الاقوامی کا چڑیا گھر ،ہیریٹیج ٹریل کے تحت تاریخی عمارات اور گلی کوچوں و بازاروں کی بحالی، رنگ روڈ کے باقی ماندہ حصے کی تکمیل ، پانچ اضلاع کو ملانے والا گریٹر پشاور سرکلر ریلوے ٹریک ، حیات آباد سے پانچ گنا بڑے پشاور ماڈل ٹاون، فوڈ سٹریٹ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، گرین اینڈ کلین پشاور، اندرون شہر سڑکوں کی تعمیر و کشادگی ، نئے بس ٹرمینل اور سی پیک ٹاور سمیت دیگر اہم منصوبوں کی بدولت اس تاریخی شہر کی عظمت رفتہ بحال کرنے میں بڑی مدد ملے گی انہوں نے کہا کہ پشاور کی تعمیر و ترقی اور خوبصورتی کے درجنوں دیگر منصوبے بھی مکمل ہوئے یا تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی آئندہ عام انتخابات میں اپنی حسن کارکردگی کی بدولت نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ پورے ملک میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی ۔ تحریک انصاف میں دیگر جماعتوں سے وابستہ افراد کی شمولیت موجودہ صوبائی حکومت کی بہترین کارکردگی پر عوامی اعتماد کی مظہر ہے۔وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پی کے 4سے تعلق رکھنے والے مختلف سیاسی جماعتوں کے 100سے زائد کارکنوں کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے،تقریب میں پی کے 4سے ممبر صوبائی اسمبلی عارف یوسف،پشاور کے نائب ضلع ناظم سید قاسم علی شاہ،ممبر ضلعی اسمبلی امجد خان،کنٹونمنٹ بورڈ میں پی ٹی آئی کے ممبران شیرعلی خان اور غلام حسین چاند شریک تھے۔ پرویز خٹک نے نئے سیاسی کارکنوں کی تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مفاد پرست سیاستدان اور جماعتیں صرف الیکشن کے دنوں میں عوام کو نظر آتی ہیں خیبر پختونخوا کے عوام کو گزشتہ حکومتوں کے ادوار میں نظرانداز کیا جاتا رہاہے اور عملاً صوبے کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کوئی بھی سیاسی جماعت دوسری بار حکومت نہیں بنا سکی لیکن اس بار یہ روایت بدلی جائے گی موجودہ صوبائی حکومت اپنی کارکردگی کی بنا پر اگلی بار بھی حکومت بنائے گی۔انھوں نے کہا کہ میں نے عمران خان سے کہا تھا کہ اگر میں صوبے میں کارکردگی نہیں دکھا سکا تو سیاست سے کنارہ کش ہوجاؤنگا۔عمران خان کے وژن کو لے کر ہم نے صوبے میں ریکارڈ قانون سازی اور صحت و تعلیم کے شعبوں میں انقلابی اقدامات کئے پولیس میں ریفارمز کرکے اسکو دوسرے صوبوں کے لیے ایک رول ماڈل بنادیا ہے۔پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی واضح طور پر نظر آنے لگی ہے ہم عوام کا اعتماد چاہتے ہیں اور یہی ہمارا اثاثہ ہے ہم نے اداروں سے سیاست کا خاتمہ کیا اور عوام کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کیں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے صوبے کی تاریخ میں پہلی بار میرٹ پر بھرتیوں کو یقینی بنایا ہے اور ماضی کے حکمرانوں کی غلطیوں سے تباہ حال اداروں کو ٹھیک کیا اور انھیں اس قابل بنایا کہ عوام کے لیے صیحح معنوں میں کام کرسکیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال،سرکاری وسائل کی خرد برد،کرپشن، کمیشن اور اقرباء پروری کے واقعات ماضی کا حصہ بن چکے ہیں۔اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی عارف یوسف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اسلیئے مختلف جماعتوں سے وابستہ کارکنان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔انھوں نے وزیراعلیٰ کو پی کے 4میں جلسہ کرنے کی بھی دعوت دی۔ تقریب سے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے مختلف سیاسی جماعتوں کے مقامی رہنماؤں حاجی سرمد خان،ناظم ویلج کونسل زاہد زمان،خائستہ جان،حاجی ناصر خان،ملک اعجاز خان،ارباب قلندر خان نے بھی خطاب کیا اور تحریک انصاف پر اعتمادکا اظہار کیا۔