News Details

11/01/2018

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے قصور میں معصوم بچی کیساتھ زیادتی اور بے رحمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے ۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے قصور میں معصوم بچی کیساتھ زیادتی اور بے رحمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے واقعہ کو انسانیت سوز اور وحشیانہ قرار دیا ہے آج یہاں سے جاری ہونے والے ایک مذمتی بیان میں پرویز خٹک نے کہا کہ معاشرے میں انصاف کا نہ ہونا المیہ ہے اس سے معاشرے میں حیوانی اور غیر انسانی رویے پروان چڑھتے ہیں ۔ قصور کے واقعہ نے انسانی ضمیر کو جنجوڑ کر رکھ دیا ہے اس نے ہمارے کھوکھلے شعور اور معاشرتی اقدار سے بے زاری کو آشکارہ کرکے رکھ دیا ہے ۔ پنجاب کی حکومت کو چاہئے کہ وہ اپنی ترجیحات درست کرے اسے سمجھ لینا چاہئے کہ بے انصافی ، لاقانونیت اور قانون پر selectiveعملدرآمد معاشرے میں برائیاں پیدا کرنے کی سب سے بڑی وجہ ہوتی ہے۔ہمیں انفرادی اور اجتماعی سطح پر اپنی معاشرتی اقدار ، ظلم و زیادتی کی حوصلہ شکنی اور خصوصاً اپنی آئندہ نسل کو ہر قسم کی نفسیاتی و فزیکل ہراسمنٹ سے تحفظ دینا ہوگا یہ کل وقتی کام ہے پورے معاشرہ کو حکومتی مشینری ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر سمت میں بچوں کی ہراسمنٹ پر اقدامات اٹھانے ہوں گے وزیر اعلیٰ نے اپنے صوبے میں چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کے نفاذ کو مزید مؤثر بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی ہدایت کی کہ اس قانون کا عملی نفاذ اور اس میں وسعت نظر آنی چاہئے تاکہ بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے ایسے واقعات کا قلع قمع کرنا ضروری ہوتا ہے تاکہ معاشرے میں قانون سب کیلئے برابر ہو اور یہ نظر بھی آئے کہ کوئی قانون سے بالا تر نہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ظلم کا ارتکاب کرنے والے کو قانون کے شکنجے میں لانا ضروری ہے ایسا نہ کرنا المیوں کو جنم دے گا۔ انہوں نے انصاف کا ہونا اور نظر آنا ناگزیر قرار دیا ہے وزیر اعلیٰ نے شہید بچی کے درجات بلند کرنے کی دعا کی اور شہید کے والدین کو یقین دلایا کہ ہم انکے ساتھ اس غم کی گھڑی میں برابر کے شریک ہیں اور اس ظلم کے خلاف ہماری آواز میں تسلسل ہو گا۔