News Details
04/01/2018
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں 20 نئے کالجوں پر کام شروع کیا ہے جس کی بدولت طلباء کو مقامی سطح پر اعلیٰ تعلیم کی اضافی سہولیات مہیا ہوں گی ۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں 20 نئے کالجوں پر کام شروع کیا ہے جس کی بدولت طلباء کو مقامی سطح پر اعلیٰ تعلیم کی اضافی سہولیات مہیا ہوں گی ۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں صوبے میں نئے کالجوں کے قیام، زیر تعمیر کالجوں کی تکمیل اور اس ضمن میں پیشرفت سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی، سیکرٹری تعلیم سید ظفر علی شاہ اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلا س کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومت کے منظورکردہ 10 میں سے 6 کالج مکمل ہو چکے ہیں جن کا عنقریب افتتاح ہو گا۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ شیدو کالج کیلئے اراضی حاصل کر لی گئی ہے جبکہ رسالپور کالج کی اراضی کے انتخاب اور خریداری کا عمل بھی جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ اجلاس میں نئے مکمل ہونے والے 6 کالجوں میں کلاسوں کے آغاز کے لئے وسائل کی فراہمی کی درخواست کی گئی ۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو وسائل کے جلد ازجلد بندوبست کی ہدایت کی۔انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت بنیادی اور اعلیٰ تعلیم کے لئے درکار تمام وسائل کی فراہمی کا عمل جاری رکھے گی اور اس ضمن میں فنڈز کی قلت آڑے نہیں آنے دی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے وسائل کا بڑا حصہ پہلے ہی تعلیم کے فروغ کیلئے وقف کیا ہے۔صوبے میں تعلیم ، انسانی وسائل اور نوجوانوں پر وسائل کے استعمال میں بخل سے کام نہیں لیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہاکہ تعلیم پر خرچ دراصل نوجوانوں کے بہتر مستقبل کیلئے سرمایہ کاری ہے ۔اُنہوں نے صوبے میں نئے کالجوں کے قیام کیلئے اضافی وسائل کی فراہمی کا یقین دلایا ۔