News Details

04/01/2018

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے زمونگ کور کے نام سے سٹریٹ چلڈرن کیلئے قائم ادارے اور اس کی انتظامی کمیٹی کو حقیقت پسندانہ بنیادوں پر بہتر کرنے اور اس مقصد کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے زمونگ کور کے نام سے سٹریٹ چلڈرن کیلئے قائم ادارے اور اس کی انتظامی کمیٹی کو حقیقت پسندانہ بنیادوں پر بہتر کرنے اور اس مقصد کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے انہوں نے کہا کہ اب تک یہ فلاحی مراکز صوبے کے نو اضلاع اور خیبر و کرم سمیت دو ایجنسیوں میں قائم کئے گئے ہیں تاہم پشاور اور چارسدہ کے سوا باقی مراکز میں داخل شدہ سٹریٹ چلڈرن کی تعداد برائے نام ہے ہونا تو چاہیے تھا کہ اب تک یہ مراکز تمام اضلاع یا کم از کم ہر ڈویثرنل ہیڈ کوارٹر میں قائم اور فعال ہوتے۔ حالانکہ ان کے لئے وافر فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے گلی محلے کے ان بے آسرا یتیم بچوں کو سٹیٹ چلڈرن کا درجہ دیا ہے اور اس لحاظ سے ان مراکز میں نہ صرف ایسے تمام بچوں کے داخلے بلکہ رہن سہن اور خوراک و پوشاک کا انتظام بھی اتنا ہی معیاری ہونا چاہئے تاکہ وہ مستقبل کے مفید شہری بنیں۔وزیر اعلیٰ نے زمونگ کورکی انتظامی کمیٹی کے ممبران میں باہمی چپقلش کی شکایات کے پیش نظران کی تعداد کم سے کم سطح پر لانے اور کارکردگی بہتر بنانے کیلئے قواعد میں نمایاں ترامیم کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ کسی بھی کمیٹی یا ادارے کو خود مختار بنانے کا مقصد اسکی کارکردگی میں بہتری لانا ہوتا ہے اور اگر یہ مقصد پورا نہ ہو تو سخت اقدامات ناگزیر بن جاتے ہیں ۔ وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں زمونگ کور پراجیکٹ کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں سیکرٹری سماجی بہبود، چیئرمین انتظامی کمیٹی اور ڈائریکٹر زمونگ کور کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی اور وزیر اعلیٰ کو اس فلاحی پروگرام پر اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔پرویز خٹک نے کہا کہ زمونگ کور کی انتظامی کمیٹی کے ارکان اگرچہ جذبہ خدمت کے ساتھ رضاکارانہ کام کرتے ہیں تاہم انہیں یہ کام خوف خدا کے تحت ذاتی پسند و ناپسند سے بالا تر ہو کر پورے اخلاص سے سر انجام دینا ہو گا کوتاہی کی صورت میں بے آسرا بچوں کی بد دعا سے بھی ہمیں ڈرنا چاہئے انہوں نے ہدایت کی کہ زمونگ کور میں داخل بچوں کے کھانے پینے اور رہائش کا اعلیٰ انتظام ہونا چاہئے اور ان کی ڈیلی رپورٹ تیار اور چیک ہونی چاہئے تاکہ اس میں کسی بھی قسم کی چوری یا کوتاہی کی گنجائش پیدا نہ ہو ، ہر کام کا الگ ذمہ دارمقرر ہو اور کوتاہی کی صورت میں اس کی فوری سرزنش کا واضح طریقہ کار ہونا چاہئے انہوں نے انتظامی کمیٹی کے انٹرنل،ٹیکنیکل اور فنانشل رولز اور مجموعی پالیسی کی واضح تشکیل کیلئے محکمہ ہائے سماجی بہبود ، منصوبہ بندی و ترقیات اور خزانہ کے سیکرٹریوں پر مشتمل کمیٹی قائم کرکے دس روز کے اندر سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی تاکہ اس اہم فلاحی پروگرام کو بہتر اور فعال طور پر صوبے کے تمام شہروں تک پھیلایا جا سکے۔پرویز خٹک نے اس فلاحی پروگرام کیلئے عطیات جمع کرنے کے طریقہ کار کو بھی مربوط اور پرکشش بنانے کی ہدایت کی اور شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کا ماڈل اور طریقہ کار کو اپنایا جائے جو شفاف اور بہترین ہے تا کہ لوگوں کو معلومات ہوں تو امیر و غریب کی سوچ سے بے نیاز پورا معاشرہ بے سہارا بچوں کی کفالت کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ زمونگ کور پراجیکٹ کیلئے صوبائی حکومت نے گذشتہ سال 40کروڑ روپے کا فراخدلانہ فنڈ مختص کیا تھا جس میں تقریباً 16کروڑ روپے جاری ہو چکے جبکہ 33لاکھ روپے کے عطیات بھی جمع کئے گئے۔ ۔۔۔۔