News Details
02/01/2018
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے کھیلوں سمیت تمام شعبوں میں ریکارڈ کام کیا اور سو فیصد اہداف حاصل کئے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ساڑھے چار سال کی مختصر مدت میں صوبے بھر میں ایک سو نئے سپورٹس گراؤنڈز بنائے جبکہ مزید تیس پر کام آخری مراحل میں ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے کھیلوں سمیت تمام شعبوں میں ریکارڈ کام کیا اور سو فیصد اہداف حاصل کئے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ساڑھے چار سال کی مختصر مدت میں صوبے بھر میں ایک سو نئے سپورٹس گراؤنڈز بنائے جبکہ مزید تیس پر کام آخری مراحل میں ہے اسی طرح ڈیڑھ سو سے زائد چھوٹے گراؤنڈز کی تعمیر کے علاوہ نوجوانوں کیلئے ان ڈور اورآؤٹ ڈور سہولیات میں بے پناہ اضافہ کیا کیونکہ نوجوانوں کی تعلیم و صحت اور تفریح کیلئے زیادہ سہولیات اور کھیلوں و یوتھ پروگرامز کا بندوبست پی ٹی آئی حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے۔وہ حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور میں انٹر سکولز کرکٹ لیگ کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے یہ انٹر سکولز صوبائی ٹورنامنٹ پہلی بار منعقد کیا گیا جو آئندہ ہر سال محکمہ تعلیم ،محکمہ کھیل اور پشاور زلمی فاونڈیشن کی معاونت سے منعقد ہو گا ٹورنمٹ کا فائنل ملاکنڈ اور پشاور ڈویثرن کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جو آخر الذکر نے واضح برتری سے جیت لیا، تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان، صوبائی وزیر کھیل محمود خان ، وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے بہبود آبادی شکیل خان ایڈوکیٹ ،رکن صوبائی اسمبلی ارباب جہانداد خان اور پشاور زلمی فاؤنڈیشن کے صدر و سابق ٹیسٹ کرکٹر ظہیر عباس نے بھی شرکت کی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پشاور میں کروڑں روپے کی لاگت سے قیوم سپورٹس کمپلیکس، ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم اور کھیلوں کے دیگر گراؤنڈز کو اپ گریڈ اور جدید بنا کر بین الاقوامی معیار پر لایا گیا اسی طرح ہماری کوشش ہے کہ کم از کم ڈویثرنل سطح پر عالمی سطح کے سٹیڈیم اور سپورٹس گراؤنڈز تیار ہو ں تاکہ صوبے بھر میں بین الاقوامی سطح کے مقابلے منعقد کرائے جا سکیں اور ہمارے نوجوان اور کھلاڑی بھی کھیلوں کے قومی دھارے میں شامل ہوں ۔انہوں نے سکولوں کے طلبا و طالبات اور نوجوانوں پر بھی زور دیا کہ وہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اس ضمن میں حکومت کی مہیا کردہ سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں انہوں نے کہا کہ ہماری سرزمین زر خیز اور ٹیلنٹ سے مالا مال ہے اور بہتر سہولیات کی ذریعے نہ صرف کھیلوں بلکہ ہر شعبہ زندگی میں جوہر قابل ابھر سکتے ہیں اور قومی و بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔پرویز خٹک نے میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ صوبائی حکومت کو امید ہے کہ وفاق پشاور اور خیبر پختونخوا کے دوسرے پلے گرا ؤنڈز میں بھی قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کا اہتمام کرے گا کیونکہ صوبے میں کھیلوں کی بہتر سہولیات اور ساز گار ماحول کے ساتھ ساتھ امن و امان کی صورت حال بھی تسلی بخش حد تک پہنچا دی گئی ہے انہوں نے ٹورنامنٹ کے فاتح کھلاڑیوں کو مبارکباد دی جبکہ ہارنے والی ٹیموں کی حوصلہ افزائی بھی کی ۔انہوں نے صوبے کی تاریخ میں پہلی بار انٹر سکولز ٹورنامنٹ کے انعقاد پر محکمہ تعلیم ،محکمہ کھیل اور پشاور زلمی فاونڈیشن کے علاوہ سکولوں کے پرنسپلز اور ٹرینرز کا بھی شکریہ ادا کیا۔