News Details
01/01/2018
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ جو بھی صوبے کی فلاح ترقی کیلئے کام کرے گا ہم اس سے تعاون کریں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ جو بھی صوبے کی فلاح ترقی کیلئے کام کرے گا ہم اس سے تعاون کریں گے۔ ہم سب اجتماعی کاوشوں اور باہمی تعاون سے صوبے کو آگے لے کر جائیں گے اور ماضی کی پسماندگی اور کمزوریوں کا ازالہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور کینٹ میں حبیبی ریسٹورنٹ کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، اراکین صوبائی اسمبلی یاسین خلیل، میاں خلیق الرحمٰن اور عارف یوسف نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ ایم پی اے یاسین خلیل، چیف ایگزیکٹیو ریسٹورنٹ حبیب اللہ زاہد اور سماجی کارکن خواجہ یاور نسیم نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ وزیر اعلیٰ نے پشاور کینٹ میں بین الاقوامی معیار کے ریسٹورنٹ کے قیام پر چیف ایگزیکٹیو حبیب اللہ زاہد اور ریسٹورنٹ کی مینجمنٹ کو مبارکباد دی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حبیب اللہ زاہد اپنی محنت، عزم اورتجربے کی بدولت نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی ریسٹورنٹ کی شاخیں کھولنے میں کامیاب ہوئے۔ انسان اخلاص کے ساتھ محنت کرے تو کامیابی ضرور اسکے قدم چومتی ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ صوبہ ماضی میں بری طرح متاثر ہوا۔ تجارتی، صنعتی اور معاشی سرگرمیاں ماند پڑتی جا رہی تھیں مگر آج حالات بدل چکے ہیں یہی وجہ ہے کہ لوگ یہاں سرمایہ لگارہے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جو بھی صوبے کے مستقبل کیلئے کام کرے گا اس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے ریسٹورنٹ کی کامیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ریسٹورنٹ میں معیاری خوراک اور تیز ترین سروس فراہم کی جائے گی۔