News Details

01/01/2018

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے خواتین ممبران صوبائی اسمبلی پر زور دیا ہے کہ وہ خواتین کی اجتماعی فلاح و بہبود اور ترقی کی راہیں ڈھونڈیں ۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے خواتین ممبران صوبائی اسمبلی پر زور دیا ہے کہ وہ خواتین کی اجتماعی فلاح و بہبود اور ترقی کی راہیں ڈھونڈیں ۔ خواتین تبدیلی کی اہم سٹیک ہولڈرز ہیں۔صوبائی حکومت خواتین کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے کل وقتی کام کی خواہش مند ہے ۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے آج وزیراعلیٰ ہاوس پشاو رمیں ممبران صوبائی اسمبلی عائشہ نعیم اور فوزیہ بی بی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ممبران صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو خواتین کے اجتماعی مسائل پیش کئے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ خوش قسمت ہے وہ معاشرہ جس کی خواتین ملک وقوم کیلئے جذبے رکھتی ہیں ۔ہمیں احساس ہے کہ خواتین بدلتی ملکی صورتحال میں اپنی ذمہ داریوں کا احساس رکھتی ہیں اور اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی سے غافل نہیں ہیں۔ اس ملک کا اصل مسئلہ انصاف کی عدم فراہمی ہے۔انصاف کی عدم فراہمی نے پورے معاشرے کو مسائل کی گرداب میں ڈال دیا ہے۔اس ملک کے وسائل کو مخصوص لوگوں نے اپنی ذات اور ایجنڈے کیلئے استعمال کیا۔ جب انصاف نہ ہو تو لوگوں کے حقوق غصب رہتے ہیں اور معاشرتی تنزل جاری رہتا ہے ۔جب انصاف نہ ہو تو معاشرتی برائیاں مہیب شکل اختیار کر جاتی ہیں۔ ہمارے معاشرے کو اندر اور باہر دونوں طرف سے چیلنجز کا سامنا ہے۔لیکن اس میں زیادہ حصہ اپنے لوگوں کا پیدا کردہ ہے۔ہم نے ناانصافی کرنے والوں کا ہاتھ روکنا ہے ۔اس کے لئے ہمیں عملی اور شعوری جدوجہد کرنی ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ تحریک انصاف معاشرے کے ستم رسیدہ لوگوں کی آواز بن کر اُبھری ہے ۔اس کو ووٹ اس لئے پڑے ہیں کہ اس نے انصاف کی تحریک شروع کی ۔صوبائی حکومت نے تحریک انصاف کے منشور کے مطابق کرپشن کے دروازے بند کئے ۔اداروں کو اُنہی مقصد کیلئے فعال کیا جن کیلئے اُن کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔اس مقصد کے حصول کیلئے متعدد قوانین متعارف کرائے گئے۔تاہم ہماری تمام توانائیوں کا فوکس معاشرے میں ایک ایسا نظام لانا ہے جس میں ادارے فعال ہوں کسی کے تابع نہ ہوں کوئی انہیں اپنے مقصد کیلئے استعمال نہ کر سکے اور لوگوں کو انصاف ملے اور اُن کے مسائل کا حل دے ۔انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھیں تحریک انصاف کی تحریک کو گلی گلی ، کوچے کوچے میں پھیلائیں ۔ خواتین کی شعوری سطح بڑھائیں اور اُنہیں آنے والے چیلنجز کے لئے تیار کریں۔ ہم نے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنے اپنے کردار کی ادائیگی کیلئے متحرک کرنا ہے ۔یہ کل وقتی کام ہے اور اس کے لئے ہمیں مسلسل جدوجہد کرنی ہو گی ۔ترقی کا عمل جاری رہے گا۔ لیکن یہ کسی ذات یا فرد کیلئے نہیں بلکہ عوام کے اجتماعی مسائل کے حل کیلئے ہوگا۔