News Details
30/12/2017
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے جلوزئی ہاؤسنگ سکیم اور جلوزئی اکنامک زون میں درپیش مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ہاؤسنگ سکیم اور اکنامک زون میں تیز رفتاری کے ساتھ سہولیات مہیا کی جا سکیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے جلوزئی ہاؤسنگ سکیم اور جلوزئی اکنامک زون میں درپیش مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ہاؤسنگ سکیم اور اکنامک زون میں تیز رفتاری کے ساتھ سہولیات مہیا کی جا سکیں۔ اُنہوں نے صوبے میں مختلف سکیموں کیلئے متعلقہ سرمایہ کار کمپنیوں کے ساتھ تمام معاہدوں کو حتمی شکل دینے کی بھی ہدایت کی تاکہ کمپنیاں بلا تاخیر منصوبوں پر عمل درآمد شروع کرنے کے قابل ہو سکیں۔ وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں جلوزئی ہاؤسنگ سکیم اور جلوزئی اکنامک زون پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔رکن صوبائی اسمبلی میاں خلیق الرحمن، محکمہ ہاؤسنگ اور صنعت کے انتظامی سیکرٹریز اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ کو جلوزئی ہاؤسنگ سکیم اور اکنامک زون میں تعمیراتی کام ، انفراسٹرکچر کی ترقی اور دیگر متعلقہ سہولیات کے حوالے سے بریفینگ دی گئی ۔وزیراعلیٰ نے ہاؤسنگ سکیم میں مساجد ، سکول ، ہسپتالوں ، کمیونٹی مراکز ، پلے گراؤنڈز ، کالجز اور نکاسی آب پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی ۔اُنہوں نے سائٹ پر پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے سمال ڈیمزتعمیر کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ ہاؤسنگ سکیم میں انفراسٹرکچر کی ترقی کا کام بروقت مکمل کیا جائے گااور اس سلسلے میں مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔اُنہوں نے کہاکہ مساجد ، سکولوں ، کالجوں ، ہسپتالوں ، کمیونٹی مراکز ، پلے گراؤنڈز، سینٹیشن وغیرہ کی دیرپا سہولیات ہاؤسنگ سکیم کو پرکشش بنا دیں گی اور ہاؤسنگ سکیم میں لوگ فوری طور پر اپنے مکانوں کی تعمیر شروع کریں گے ۔پرویز خٹک نے جلوزئی اکنامک زون میں انفراسٹرکچر کی ترقی پر بھی کام تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ پیسکو کی طرف سے علیحدہ سے گرڈ سٹیشن کا قیام اکنامک زون میں تعمیراتی سرگرمیوں میں تیز رفتاری کا موجب بنے گا۔ اُنہوں نے اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے بلا تاخیر رابطہ کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گدون انڈسٹریل زون کی بحالی کیلئے بھی ٹھوس اقداما ت کرنے کی ہدایت کی ۔حطار انڈسٹریل اسٹیٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے انکشاف کیا کہ کچھ سرمایہ کاروں نے وہاں اپنے انڈسٹریل یونٹس قائم کرنے کیلئے اُن سے رابطہ کیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے ازمک کو ہدایت کی کہ وہ سرمایہ کاروں سے فوری طور پر رابطہ کرے۔ملائشین حلال فوڈ پراجیکٹ پر تبادلہ خیال کے دوران وزیراعلیٰ نے مذکورہ پراجیکٹ کیلئے پہلے سے طے شدہ فارمولہ کے مطابق زمین حاصل کرکے متعلقہ کمپنی کو دینے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس منصوبے سے صوبے میں حلال معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔