News Details

29/12/2017

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں عوام دشمن سیاسی اشرافیہ سے تنگ عوام خصوصاً نوجوانوں نے تحریک انصاف پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں عوام دشمن سیاسی اشرافیہ سے تنگ عوام خصوصاً نوجوانوں نے تحریک انصاف پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا اور نوجوانوں نے اپنا مستقبل پی ٹی آئی کے سپر د کردیا۔موجودہ صوبائی حکومت نے عوامی توقعات کے عین مطابق تعلیم، صحت، پولیس اور خدمات کے دیگر شعبوں میں عوامی خدمت کا نیا اسلوب متعارف کرایا۔ قانون سازی اور اصلاحات کی ایک تاریخ رقم کی ۔خدمات کی فراہمی کا یہ اسلوب اگر چہ صوبے کے عوام کیلئے نیا ہے تاہم حقیقت یہ ہے کہ ہر حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ عوام کی خدمت کرے اور ہر حکومت کو یہ ذمہ داری سمجھنی چاہیئے مگر بد قسمتی سے ماضی میں حکومتوں نے اس ذمہ داری کا احساس نہیں کیا۔ تحریک انصاف نے اس مردہ احسا س کو زندہ کیا اور سرکاری وسائل کو عوام کی فلاح کیلئے خرچ کیاجو روایتی سیاستدانوں اور عوام دشمن عناصر کیلئے خطرے کی گھنٹی بن چکا ہے ۔ہمارے ان اقدامات سے مخالفین پریشان ہیں۔ بدعنوان مافیا کے نااہل اور کرپٹ نظام سے مفادات وابستہ تھے ۔واحد عمران خان ہے جس کو عوام کی فکر ہے اور اُنہوں نے عوامی خدمت کا قابل عمل منشوردیا ہے۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ویلج کونسل بانڈہ نبی ٹو یونین کونسل ڈاگئی اور کچہ گڑھی میں شمولیتی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایم این اے ڈاکٹرعمران خٹک، ضلع ناظم لیاقت خٹک اور جنرل کونسلر رضا خان نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ ویلج کونسل بانڈہ نبی ٹو سے یوتھ کونسلر عبد الباسط، ذکاء اﷲ، فلک نیاز، شبیر احمد، الطاف، عمران خان، کامران خان، آصف شاہ ، ممتاز، سلمان، ولی گل، حامد خان، سید شاہ، عصمت اﷲ، مطیع اﷲ، خائستہ گل، وقاص اجمل، حسان عارف، جمیل خان، رحمت اﷲ، امد اد حسین، سعد خان، امیر حسین ، حاجی محمدجبکہ کچہ گڑھی سے ہدایت حسین ،بابو اُستاد، مدرسہ انوارالعلوم کے مہتمم، سید جمال شاہ، بارک اﷲ، صحت اﷲ،شہاب الدین، ضیاء الدین، احسان الدین، نیاز علی، بلال، شاہ محمد اور دیگر نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے کچہ گڑھی میں گیس کی فراہمی کیلئے پانچ کلومیٹر طویل گیس سپلائی کے منصوبے کا افتتاح کیا جس پر 83 لاکھ 67 ہزار روپے لاگت آئے گی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پہلے تین سال گیس پر پابندی تھی 2016 میں پابندی اُٹھی تو ہم نے گیس کی سہولت سے محروم عوام کو بنیادی سہولت فراہم کرنے کیلئے بھر پور کوشش کی ۔ گیس بنیادی طورپر وفاقی محکمہ ہے تاہم جوہماری بساط اور اختیارات میں ہے عوام کو سہولیات دینے کیلئے بھر پور کوشش کر رہے ہیں۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے تحریک انصاف میں نئے شامل ہونے والوں کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ صوبہ بھر سے خواص و عوام کی تحریک انصاف میں بڑھتا ہوا شمولیت کا رجحان موجودہ صوبائی حکومت کی گراں قدر اصلاحات، عوامی فلاح کے منصوبوں اور کرپشن کے خلاف قومی سطح پر تحریک انصاف کی نتیجہ خیز جدوجہد کا مظہر ہے ۔پرویز خٹک نے کہاکہ سابقہ حکومتوں خصوصا سابق صوبائی حکومت نے لوٹ مار تو خوب کی مگر عوام کو درپیش مسائل کی کبھی فکر نہیں کی ۔ ہماری حکومت نے اے این پی کے تباہ کردہ اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا ۔ صوبے بھر میں ٹوٹے پھوٹے انفراسٹرکچر کو ٹھیک کرنے کیلئے اربوں روپے خرچ کئے ۔انہوں نے کہاکہ ہماری اصلاحات اور اقدامات کی وجہ سے مفاد پرست عناصر کو تکلیف ہوئی ہے مگر ان کی اس تکلیف میں عوام کی آسانی پوشیدہ ہے ۔ عوام خوشحال ہوئے ہیں ۔اب ادارے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ میرٹ اور شفافیت کی بالادستی کی وجہ سے عوام مطمئن ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اگر پہلی حکومتیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتیں تو آج حالات مختلف ہوتے اور ہم اصلاحات کے عمل میں دو قدم آگے ہوتے ۔ وزیراعلیٰ نے عوام سے کہا کہ وہ فکر نہ کریں صوبائی حکومت نے صوبے میں جس شفاف نظام کی بنیاد رکھی ہے اسے ریکارڈ قانون سازی کرکے دیر پا بنا دیا ہے۔خدمات کی فراہمی کا یہ عمل مزید بہتر ہورہا ہے اور آئندہ حکومت بھی تحریک انصاف کی ہوگی ۔لوٹ مار کا بازار دوبارہ گرم نہیں ہونے دیں گے ۔تعلیم کی اہمیت اُجاگر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکمرانوں نے شعبہ تعلیم میں مداخلت کرکے غریب کے ساتھ بہت بڑا ظلم کیا۔ ہماری حکومت نے صوبہ بھر میں یونیورسٹیاں قائم کیں ۔نوشہرہ میں پاکستان کی پہلی ٹیکنکل یونیورسٹی قائم کی جارہی ہے ۔صوبے کے تمام اضلاع میں کالجز اور سکولوں کے قیام کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کیلئے تربیتی ادارے قائم کئے گئے ہیں۔ سرکاری سکولوں کا معیار بلند کیا گیا اور پرائمری کی سطح پر انگلش میڈیم کا اجراء کیا تاکہ غریب کو بھی امیر کے مقابلے میں لایا جا سکے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہمیں اس حقیقت کو نہیں بھولنا چاہیئے کہ ایک فرد کی تعلیم سے پورے خاندان کا مستقبل سنور جاتا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صحت، پولیس اور پٹوار خانوں کا بھی قبلہ درست کیا اور انہیں صحیح معنوں میں عوام کی خدمت پر لگا دیا۔پرویز خٹک نے کہاکہ اُن کی حکومت سرکاری وسائل کو امانت سمجھتی ہے ۔سرکاری وسائل میں خرد برد ، کرپشن ، کمیشن وغیرہ کی ہمارے سسٹم میں گنجائش نہیں ہے ۔ شفافیت کے عنصر کو مزید بہتر بنانے کیلئے صوبے میں ای ٹینڈرنگ اور ای بڈنگ کا اجرا کر چکے ہیں جو سرکاری وسائل کے شفاف استعمال کی طرف اہم قدم ہے۔