News Details

22/12/2017

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے بورڈ آف ریونیو کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ صوبے میں لینڈ سٹیلمنٹ اور کمپیوٹرائزیشن کا عمل تیز کیا جائے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے بورڈ آف ریونیو کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ صوبے میں لینڈ سٹیلمنٹ اور کمپیوٹرائزیشن کا عمل تیز کیا جائے بالخصوص ملاکنڈ ڈویژن میں شامل اضلاع کے لینڈ سٹیلمنٹ کے معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے کیونکہ اس ضمن میں اُنہیں مسلسل عوامی شکایات مل رہی ہیں۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ لینڈ سٹیلمنٹ اور کمپیوٹرائزیشن کی بدولت صوبے میں شفافیت اور انصاف کا بول بالا ہونے کے ساتھ ساتھ مختلف اضلاع اور علاقوں میں اراضی کی ملکیت سے متعلق برسوں سے جاری لاتعداد قبائلی اور گروہی تنازعات کا خاتمہ بھی ہو گا۔ وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ضلع بٹگرام سے آئے وفد کی طرف سے علاقے کے بعض دیہات کی لینڈ سٹیلمنٹ سے متعلق تنازعہ کے حل کیلئے بلائے گئے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ظفر اقبال، ڈپٹی کمشنر بٹگرام ثقلین گیلانی اور دیگر متعلقہ حکام کے علاوہ بعض علاقہ مشران نے بھی شرکت کی۔وفد کا استدلال تھا کہ بٹگرام میں جزوی لینڈ سٹیلمنٹ ہونے کی وجہ سے 60 ہزار ہیکٹر پر محیط کئی دیہات کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے حتیٰ کہ ضلع بٹگرام کے کافی اندر واقع ہونے کے باوجود ان دیہات کو ضلع کوہستان کا حصہ گردانا گیا ہے جو قرین انصاف نہیں ۔وزیراعلیٰ نے اس معاملے کو جلد حل کرنے کے ساتھ ساتھ دونوں اضلاع کی سرحدی حدود کے واضح تعین اور بارڈر لینڈ سٹیلمنٹ کا عمل شروع کرنے کی ہدایت بھی کی ۔ انہوں نے مزید کہاکہ واضح ٹائم لائن کے تحت تمام دور افتادہ اضلاع حتیٰ کہ تحصیل اور یوسی حدود تک لینڈ سٹیلمنٹ اور لینڈ ریکارڈ و ریونیو کمپیوٹرائزیشن کا ہمہ گیر عمل مکمل کیا جائے تاکہ عوام ان کے ثمرات سے مستفید ہوں اُنہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی کی حکومتوں کی عدم توجہی اور مفادات کی سیاست کے سبب انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید دور میں بھی صوبے کے کئی علاقوں میں لینڈ سٹیلمنٹ کے معاملات تشنہ اور حل طلب ہیں اور عوام کو اس ضمن میں گوناگوں مسائل کا سامنا ہے انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ محکمہ مال اور بورڈ آف ریونیو اس ضمن میں فوری نتائج پر مبنی ٹھوس اقدامات کا عمل جاری رکھیں گے ۔ <><><><><><>