News Details
12/04/2025
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے صوبے میں ورکنگ سپیسز کے قیام اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروع کے لئے ایک اہم اقدام کے طور پر صوبائی سطح پر سٹیٹ آف دی آرٹ انوویشن حب قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے صوبے میں ورکنگ سپیسز کے قیام اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروع کے لئے ایک اہم اقدام کے طور پر صوبائی سطح پر سٹیٹ آف دی آرٹ انوویشن حب قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیبر پختونخوا انوویشن حب پشاور یونیورسٹی میں قائم کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ گذشتہ روز وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ اعلیٰ تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مشترکہ اجلاس میںکیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شفقت آیاز، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی امجد علی خان ، سیکرٹری اعلیٰ تعلیم کامران آفریدی اور دیگر متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔ متعلقہ حکام کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو مجوزہ انوویشن حب کے مختلف پہلووں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ انوویشن حب 22 پرائیویٹ دفاتر، دو بڑے ایونٹ ہالز، ایک کانفرنس روم، ایک بورڈ روم، دو کمیٹی رومز، اور دو عدد کو-ورکنگ سپیس پر مشتمل ہو گا اور اس مقصد کے لیے پشاور یونیورسٹی میں پہلے سے قائم انکیوبیشن سنٹر کی عمارت کو استعمال کیا جائے گا۔ انوویشن حب میں موجود سہولیات کے مکمل استعمال سے یونیورسٹی کو سالانہ 6 کروڑ روپے تک آمدن ہو گی جبکہ یہ انوویشن حب ایک کثیر المقاصد آئی ٹی سنٹر کے طور پر کام کرے گا۔ انوویشن حب میں طلبہ کے ساتھ ساتھ آن لائن کاروبار سے وابستہ افراد اور نجی آئی ٹی کمپنیوں کو اسٹارٹ اپس اور انٹرپرینیورز وغیرہ کے لئے ایک سازگار ماحول فراہم ہوگا۔ انوویشن حب میں اسٹارٹ اپس اور انٹرپرینورشپس کے لئے درکار تمام سہولیات اور خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم ہونگی۔ وزیر اعلیٰ نے مجوزہ انوویشن حب کا جلد اجراءیقینی بنانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اس منصوبے کی کامیابی کے بعد دیگر جامعات میں بھی انوویشن حب قائم کیے جائیں گے۔انوویشن حب کے قیام سے یونیورسٹی کو مالی طور پر مستحکم بنانے میں مدد ملنے کے ساتھ ساتھ آئی ٹی سے وابستہ نوجوانوں اور کمپنیز کو بہترین کو-ورکنگ سپیس میسر آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع ملیں گے۔ اجلاس میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں ڈیجیٹل کونیکٹس کے قیام کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔ یہ ڈیجیٹل کونیکٹس ابتدائی طور پر کرایہ کی عمارتوں میں قائم کیے جائیں گے۔ یہ ڈیجیٹل کونیکٹس آئی ٹی پارکس، کو-ورکنگ سپیس اور کمپیوٹر لیب پر مشتمل ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہر ڈویژن میں نوجوانوں کے لیے آئی ٹی انوویشن سے مستفید ہونے کی سہولت میسر ہو، ہم نے دور جدید کی ضرورت کے مطابق آئی ٹی کے استعمال کا ماحول اور سہولت فراہم کرنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کے اداروں کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے، ہم نے صوبے کے تمام اداروں کو آئی ٹی کی طرف لے کر جانا ہے اور اس مقصد کے لیے درکار فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کریں گے۔