News Details
10/04/2025
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بدھ کے روز ضلع مردان کے دورے کے دوران کمشنر مردان کے دفتر میں منعقد اہم اجلاس کی صدارت کی
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بدھ کے روز ضلع مردان کے دورے کے دوران کمشنر مردان کے دفتر میں منعقد اہم اجلاس کی صدارت کی۔مردان ڈویژن کے منتخب عوامی نمائندوں، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز، متعلقہ انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میںشرکت کی۔اجلاس میں مردان ڈویژن میں گورننس سے متعلق معاملات اور ترقیاتی پروگرام میں شامل منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو تمام شعبوں میں صوبائی حکومت کی گڈ گورننس اسٹریٹجی اور وزیر اعلیٰ کے عوامی ایجنڈے پر عملدرآمد سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔وزیر اعلیٰ نے مردان ڈویژن میں گورننس اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق معاملات پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ان معاملات میں مزید بہتری لانے کےلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صحت اور تعلیم صوبائی حکومت کے ترجیحی شعبے ہیں، ان شعبوں میں خدمات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے،تمام غیر فعال بنیادی مراکز صحت کو فوری طور فعال کرنے کےلئے اقدامات اٹھائے جائیں، ان طبی مراکز میں عملے کی کمی پوری کرنے کےلئے ایڈہاک بنیادوں پر عملہ بھرتی کیا جائے اور بھرتیوں کا یہ عمل ایک مہینے میں مکمل کیا جائے۔ اسی طرح انہوں نے سکولوں میں ناپید سہولیات کی فراہمی کےلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ گرلزسکول میں ناپید سہولیات کی فراہمی پر پہلی ترجیح میں کام کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے خانہ کاشت سمیت ریونیو کیسز کے حل پر خصوصی توجہ دینے، زمینوں پر قبضہ کرنے والے مافیا کے خلاف کریک ڈاون کرنے اور غیر مستعمل سرکاری زمینوں کو صوبائی حکومت کی نئی لیز پالیسی کے تحت آمدن پیدا کرنے کےلئے استعمال میں لانے کی ہدایت کی۔ علی امین گنڈا پور نے مزید ہدایت کی کہ مردان میں اوقاف کی زمین کے مسئلے کے حل کےلئے ایک مہینے میں قابل عمل تجاویز پیش کی جائیں، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کےلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے لوگوں کی سہولت کےلئے نجی سطح پر زیادہ سے زیادہ سبزی منڈیاں قائم کرنے جبکہ تمام سماجی فلاحی مراکز بشمول دارالامان، لنگر خانوں میں معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کےلئے قائم تمام غیر فعال ٹیوب ویلز کو فعال بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے گنجان آباد علاقوں میں قائم بس اڈوں کو آبادی سے باہر منتقل کرنے ، کام کے معیار پر سمجھوتہ کئے بغیر جاری ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنانے اور تکمیل کے قریب منصوبوں کی فل فنڈنگ کرکے انہیں جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے منتخب عوامی نمائندوں سے کہا کہ وہ آپس میں مل بیٹھ کر اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام کےلئے نئے منصوبے تجویز کریں،نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کےلئے صرف ایسے منصوبے تجویز کئے جائیں جو مقررہ وقت میں مکمل کئے جاسکیں، ہم سالانہ ترقیاتی پروگرام میں کوئی ایسا منصوبہ شامل نہیں کریں گے جس پر مقررہ وقت پر عملدرآمد نہ ہوسکے۔