News Details

21/03/2025

وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت لیز پالیسی سے متعلق اہم اجلاس منعقد

وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت گزشتہ روز لیز پالیسی سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ متعلقہ کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں مختلف نوعیت کی سرکاری زمینوں کی لیز پالیسی سے متعلق معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور صنعتوں کو دی گئی غیر مستعمل اربوں روپے مالیت کی زمینوں سے متعلق اہم فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صنعتیں لگانے کے لئے دی گئی وہ زمینیں جن پر ابھی تک صنعتیں نہیں لگائی گئی انہیں واپس لیا جائےگا۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ صنعت اور بورڈ آف ریونیو کو صوبہ بھر میں ایسی تمام سرکاری زمینوں کی نشاندہی کرنے اور ان زمینوں کو سرکاری تحویل میں لینے کے لئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلی نے واضح کیا کہ ان زمینوں کو کسی اور مقصد کے لئے استعمال ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں صنعتیں لگانے کے لئے زمینیں دی گئی ہیں تاکہ صوبے میں صنعتوں کو فروع ملے اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں، لیکن بہت ساری زمینوں پر ابھی تک صنعتیں نہیں لگائی گئی ہیں۔ حکام نے بتایا کہ ایسی زمینوں کی موجودہ مارکیٹ ویلیو اربوں روپے ہے جبکہ صنعتیں نہ لگنے سے ان زمینوں کی فراہمی کا اصل مقصد فوت ہو رہا ہے۔ ان زمینوں کے موثر استعمال کے ذریعے صوبائی حکومت کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ اجلاس میں کاروباری مقاصد کے لئے سرکاری زمینوں کو لمبی مدت کے لئے لیز پر دینے سے متعلق امور پر غور و خوص کیا گیا اور اس مقصد کے لئے قوانین میں ضروری ترامیم کے لئے قائم کمیٹی کی سفارشات اگلے کابینہ اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کمیٹی کو تمام متعلقہ قوانین کا بغور جائزہ لے کر حتمی سفارشات کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ َِِ<><><><><><>