News Details
01/03/2025
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے دارلعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور متعلقہ حکام سے افسوسناک واقعہ کی رپورٹ طلب کی ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے دارلعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور متعلقہ حکام سے افسوسناک واقعہ کی رپورٹ طلب کی ہے اور کہا ہے کہ واقعہ کے تمام پہلووں کا جائزہ لے کر تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے دھماکے میں مولانا حامد الحق اور دیگر کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے شہداءکے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ وہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے مولانا حامد الحق کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا حامد الحق کی شہادت ناقابل تلافی نقصان ہے۔ شہید کی سیاسی و مذہبی خدمات کو عرصہ دراز تک یاد رکھا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ عبادت گاہ میں معصوم لوگوں کو دہشت گردی کا نشانا بنانا غیر انسانی فعل ہے، اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ دلخراش واقعہ میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
<><><><><><><>