News Details

28/02/2025

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے رشکئی اسپیشل اکنامک زون میں ملاقات کی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے جمعرات کے روز پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے رشکئی اسپیشل اکنامک زون میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں مختلف شعبہ جات بشمول زراعت، توانائی ، مائنز اینڈ منرلز میں سرمایہ کاری سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال ہوا اور چین اور خیبر پختونخوا کے مابین مختلف شعبہ جات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ صوبائی حکومت اور چینی سفارتخانے کے متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے چین کے سفیر کو خیبر پختونخوا میں سولر سسٹم بنانے اور معدنیات کی فنشنگ اور ویلیو ایڈیشن کےلئے صنعتی یونٹس لگانے کی دعوت دی اور کہا کہ خیبر پختونخوا میں مائنز اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ خیبر پختونخوا حکومت صوبے میں چینی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرے گی اور سرمایہ کاروں کو بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ صوبائی حکومت صنعتوں کو مختلف مراعات سمیت سستی بجلی کی فراہمی پر کام کر رہی ہے۔ پن بجلی کے زیر تعمیر منصوبوں سے سال 2028 تک 800 میگا واٹ بجلی کی پیداوار متوقع ہے جبکہ صنعتوں کو سستے نرخوں پر بجلی کی فراہمی کےلئے صوبائی ٹرانسمشن لائن بچھائی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کلین اینڈ گرین انرجی پر بھرپور کام کر رہی اور اس سلسلے میں ایک لاکھ تیس ہزار مستحق گھرانوں کو مفت ،رعائتی نرخوں اور آسان اقساط پر سولر سسٹم فراہمی کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ اسی طرح صوبے کی تمام سرکاری عمارتوں کوبھی شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ معدنی وسائل کا دانشمندانہ استعمال یقینی بنانے کےلئے خصوصی مائننگ کمپنی قائم کی گئی ہے تاکہ معدنیات سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وسائل کی مو ¿ثر مانیٹرنگ اور شفافیت کی بدولت صوبائی حکومت نے گذشتہ ایک سال میں اپنی آمدن میں 55 فیصد اضافہ کیا ہے۔ اپنی حکومت کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں صحت کارڈ کے تحت سو فیصد آبادی کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ صوبے کے شہریوں کےلئے لائف انشورنس اسکیم کے اجراءپر بھی کام جاری ہے۔ اسی طرح صوبائی حکومت نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کےلئے15 ارب روپے مالیت کے بلا سود قرضے فراہم کر رہی ہے جبکہ سیاحتی علاقوں میں ہوم اسٹے ٹورازم کے فروغ لیے لوگوں کو مزید 4 ارب روپے کے بلا سود قرضے دیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کےلئے نجی شعبے کو مستحکم کیا جا رہا ہے۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بیوہ خواتین اور یتیم بچوں کو ماہانہ وظیفہ کی فراہمی کےلئے دوالگ منصوبوں کا اجراءکر دیا گیا ہے۔ مزید برآں ، غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کےلئے سی آر بی سی اور سمال ڈیمز کی تعمیر کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ زراعت کے شعبے میں ماڈرن ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے ، صوبائی حکومت اس ضمن میں چینی مہارت سے استفادہ کرنے کی خواہش مند ہے۔ چین کے سفیر نے اس موقع پر مختلف شعبہ جات میں تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ صوبائی آمدن میں اضافہ ، مستحق و متوسط طبقے کی فلاح و بہبود کےلئے صوبائی حکومت کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ صوبے کی ترقی و خوشحالی کےلئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے عزم کو سراہتے ہیں۔ چین اور پاکستان کے مابین تعاون سے دوستانہ تعلقات کو مزید تقریب ملے گی۔ <><><><><>