News Details
21/02/2025
خیبر پختونخوا میں کھیلوں کا ایک اور تاریخ ساز میلہ سج گیا، وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے خیبر پختونخوا گیمز 2025 کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
خیبر پختونخوا میں کھیلوں کا ایک اور تاریخ ساز میلہ سج گیا، وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے خیبر پختونخوا گیمز 2025 کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ گیمز کا آغاز جمعرات کے روز قیوم اسٹیڈیم پشاور میں منعقدہ ایک رنگا رنگ تقریب میں کیاگیا جس کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور تھے۔ صوبائی وزیر برائے کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہاں، اراکین صوبائی اسمبلی، سرکاری حکام ، صحافیوں ، کھلاڑیوں اور طلبہ کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں آتش بازی کے مظاہرے کے ساتھ ساتھ روایتی رقص بھی پیش کیا گیا۔ کھلاڑیوں کی تعداد اور مقابلوں کے لحاظ سے خیبرپختونخوا گیمز 2025 صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ ہے جس میں مجموعی طور پر 2380کھلاڑی مد مقابل ہونگے جن میں 1043 خواتین کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ صوبے کے سات ریجنز سے کھلاڑی مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں، مرد کھلاڑیوں کیلئے 16 اور خواتین کیلئے 12 مختلف گیمز کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان گیمز میں اتھلیٹکس، فٹبال، ہاکی ، والی بال، باسکٹ بال، کراٹے ، تائیکوانڈو، باکسنگ، اسکواش، ٹیبل ٹینس، بیڈ منٹن، جمناسٹک، تھروبال، جوڈو، ووشو اور ہینڈ بال شامل ہیں۔ کھیلوں کے یہ مقابلے پشاور سپورٹس کمپلیکس، عبد الولی خان سپورٹس کمپلیکس چارسدہ، پشاور بورڈ سپورٹس گراونڈ، حیات آباد سپورٹس کمپلیکس ، پاکستان سپورٹس بورڈ کوچنگ سنٹر، پی ایس بی ہال، پشاور یونیورسٹی اور کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس میں ہونگے۔ وزیر اعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گیمز کے انعقاد پر محکمہ کھیل اور کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ ان گیمز میں جو کھلاڑی گولڈ میڈل جیتے گا اسے اگلے ایک سال تک 25 ہزار ماہانہ وظیفہ ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا گیمز کا آغاز ہو گیا ہے، کھلاڑی محنت کریں اور بھرپور مقابلہ کریں۔ جب کھلاڑی مقابلہ کرنا سیکھ جاتا ہے تو پھر ہار بھی اسے نہیں ہرا سکتی۔ " مجھے خوشی ہے ان مقابلوں میں فیمیل کھلاڑیوں کو بھی مقابلہ کرنے کے مواقع مل رہے ہیں، ہار جیت کھیل کا حصہ ہیں ، ہار جیت میں بھی بدل سکتی ہے، کھلاڑیوں نے مقابلہ کرنا ہے۔ زندگی کا مقابلہ کرنے کے لیے ہم نے اسلامی تعلیمات پر عمل کرنا ہے، جو شخص اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتا ہے، وہ زندگی میں ہمیشہ جیتتا ہے". وزیر اعلیٰ نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہمارے لیڈر کو نا حق قید کر رکھا ہے لیکن وہ قید میں بھی جیت چکا ہے۔ عمران خان ایک نظریہ ہے اور نظریہ نہ مرتا ہے نہ ختم ہوتا ہے یہ ہمیشہ بڑھتا ہے۔ ہمارا لیڈر باہر نکلے گا اور ایک بار پھر اس ملک کا وزیراعظم بنے گا۔
<><><><><><><>