News Details

20/02/2025

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بینک آف خیبر پشاور سے اسلامی بینکاری کا اجراءکر دیا ہے۔ دسمبر 2026 تک بینک آف خیبر مکمل طور اسلامی بینکاری پر منتقل ہوجائے گا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بینک آف خیبر پشاور سے اسلامی بینکاری کا اجراءکر دیا ہے۔ دسمبر 2026 تک بینک آف خیبر مکمل طور اسلامی بینکاری پر منتقل ہوجائے گا۔ اس سلسلے میں بدھ کے روز بینک آف خیبر ہیڈ کوارٹر) پشاور( میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ و ڈویلپمنٹ اکرام اللہ خان ، سیکرٹری خزانہ عامرسلطان ترین اور دیگر بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ تقریب میں بینک آف خیبر میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے زرمبادلہ بھیجنے کے لئے "کور پے" کے نام سے سروس اور بینک آف خیبر کی خدمات کی برینڈنگ کے لیے ٹی وی کمرشلز کا بھی اجراءکیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی بینکاری کے اجراء پر بینک آف خیبر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ " مجھے نہایت خوشی ہے بینک آف خیبر اسلامی بینکاری کی طرف جا رہا ہے، یہ بینک صوبے کا ایک اہم ادارہ ہے جو اپنے آپ کو منوا رہا ہے اور آگے بڑھ رہا ہے"۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بینک آف خیبر میں نئے اقدامات کے اجراءسے شہریوں کو خدمات مزید بہتر انداز میں میسر ہونگی۔ بانی چیئرمین کے وژن کے مطابق ہم مالی خودمختاری کی طرف جا رہے ہیں۔ ہم نے مالی لحاظ سے خودمختار ہونا ہے ، اپنے اداروں کو مضبوط بناکر آمدن میں اضافہ کیاجا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سمندر پار پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اہل وعیال کو پیسے بینک آف خیبر کے ذریعے بھیجیں۔سمندر پار پاکستانیوں کی آسانی کے لیے "کور پے ©" کے نام سے ایک الگ خدمت کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کا مقصد سمندر پار پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے بینک آف خیبر کے اشتراک سے متعدد اقدامات چل رہے ہیں جن میں سولر اسکیم، احساس روزگار پروگرام ، احساس نوجوان پروگرام اور دیگر شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے بینک انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ بینک آف خیبر صوبے میں صنعت لگانے والوں کو زیادہ سے زیادہ سپورٹ فراہم کرے۔ صوبائی حکومت صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مراعات دے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کو راغب کیا جاسکے۔ َِِ<><><><><><><>