News Details

01/01/2025

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے منگل کے روز ون مین کمیشن آن مائنارٹی رائٹس کے چیئرمین ڈاکٹر شعیب سڈل نے وزیر اعلیٰ ہاوس پشاورمیں ملاقات کی۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے منگل کے روز ون مین کمیشن آن مائنارٹی رائٹس کے چیئرمین ڈاکٹر شعیب سڈل نے وزیر اعلیٰ ہاوس پشاورمیں ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق سے متعلق معاملات پر گفتگو کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پرصوبے میں بسنے والی اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم اعلانات کیے۔ ان اعلانات میں اقلیتی کمیونٹی کے بچوں کی صوبائی حکومت کے سروس ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں خصوصی ٹریننگ، اقلیتوں کی عبادت گاہوں کو سولر سسٹم کی فراہمی، اقلیتی طلبہ کو 100 ملین روپے لاگت کی سکالرشپس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے پولیس حکام کو اقلیتی رہنماوں کی سکیورٹی کے لئے خصوصی فورس تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کو بھی فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے۔ مزید برآں ، علی امین گنڈاپور نے متعلقہ حکام کو سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لئے مختص پانچ فیصد کوٹے اور تعلیمی اداروں میں داخلوں کے لئے مختص دو فیصد کوٹے پر بھی عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں بسنے والی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود صوبائی حکومت کے ایجنڈے کا اہم حصہ ہیں اور اس سلسلے میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور انہیں تمام شعبوں میں یکساں مواقعوں کی فراہمی پی ٹی آئی کے منشور کا حصہ ہے، صوبے کی تعمیر و ترقی اور یہاں بین المذاہب ہم آہنگی میں اقلیتوں کا اہم کردار رہا ہے اور صوبائی حکومت اقلیتوں کے اس کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور خیبر پختونخوا اور دیگر متعلقہ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔