News Details
09/12/2024
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا پور کاانسداد بدعنوانی کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری پیغام
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا پور نے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہر سال09 دسمبر کو بدعنوانی کے خاتمے کا عالمی دن منایا جاتا ہے،جس کا مقصد بدعنوانی کے خلاف آگاہی پیدا کرنا ہے۔ بدعنوانی کے نتیجے میں نہ صرف قومی سطح پر ترقی کا عمل متاثر ہوتا ہے بلکہ سماجی عدم مساوات میں اضافہ ہوتا ہے اور عوامی خدمات کے حکومتی اداروں پر لوگوں کے اعتماد کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔پاکستان جیسے کمزور معیشت والے ملک میں بدعنوانی کے فوری خاتمے کیلئے اقدامات کی ضرورت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت شروع دن سے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ عوامی خدمات کے شعبوں میں ذمہ داری اور فرض شناسی کے رجحان کو توانا و مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ شفافیت، احتساب اور جوابدہی کے ماحول کو فروغ دیا جارہا ہے تاکہ بدعنوانی کا سدباب ممکن ہوسکے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے معلومات تک رسائی اور خدمات تک رسائی کے قوانین نافذ کر رکھے ہیں جو سرکاری محکموں میں بدعنوانی کے ناسور کولگام ڈالنے میں کافی معاون ثابت ہوئے ہیں۔ موجودہ صوبائی حکومت نے ایک نئے اقدام کے طور پر "اختیار عوام کا "پورٹل کا اجراءکردیا ہے تاکہ عوام سرکاری محکموں اور اداروں سے متعلق اپنی شکایات براہ راست وزیراعلیٰ اور دیگر اعلیٰ حکام تک پہنچا سکیں۔ اس پورٹل کے ذریعے اب تک ہزاروں شکایات کا اندراج کیا جا چکا ہے جن میں سے بیشتر حل بھی کر دی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بدعنوانی کی تمام صورتوں جیسے کہ رشوت، اقربا پروری اور سفارش وغیرہ کی وجہ سے کمزور سماجی طبقات کی محرومیوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس کی روک تھام کیلئے گورننس کے نظام میں بہتری، نگرانی کے عمل کو مو ¿ثر بنانے اور بہتر اخلاقی ضابطوں کو پروان چڑھانا ضروری ہے۔ موجودہ صوبائی حکومت نے اس سلسلے میں 99 نکاتی عوامی ایجنڈا کا اجراءکیا ہے تاکہ حکمرانی کے مجموعی نظام کوسٹریم لائن کیا جا سکے اور عوام کو مو ¿ثر انداز میں خدمات و سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ اس کے علاوہ حکومت محکمہ جاتی معاملات میں شفافیت کو فروغ دینے کیلئے ای گورننس پالیسی کے تحت بھی متعدد اقدامات پر کام کر رہی ہے۔لینڈریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے علاوہ دیگر اہم امور کی ڈیجیٹائزیشن پر خصوصی توجہ دی جاری ہے۔ اسی طرح وسل بلوئر قانون کو مو ¿ثر انداز میں فعال بنانے پر بھی کام جاری ہے۔ یہ تمام تر اقدامات بد عنوانی کی روک تھام میں اہم کردار ادا کریں گے۔ تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ بد عنوانی کا مکمل خاتمہ صرف حکومتی اقدامات اور پالیسیوں سے ہی ممکن نہیں بلکہ اس مقصد کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ علی امین گنڈا پور نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی اقدامات کو نتیجہ خیز بنانے کےلئے اپنے حصے کا کردار ادا کریں۔ سماجی خدمات کے اداروں میں بدعنوانی کی نشاندہی کریں اور خصوصی طور پر اپنے حلقوں میں ترقیاتی کاموں پر گہری نظر رکھیں، خلاف قانون سرگرمیوں سے آگاہ کریں ، حکومت بروقت کاروائی یقینی بنائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوامی فلاح میں اٹھائے گئے اقدامات اور اصلاحات کو جب تک عوام کی طرف سے اونر شپ نہیں ملے گی تب تک مطلوبہ تنائج حاصل نہیں کئے جا سکتے۔ کرپشن ، عوام کے حقوق اور اُن کے خون پسینے کی کمائی پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے ۔ ہمیں بطور معاشرہ کرپشن کے خلاف عدم قبولیت اور عدم برداشت کے کلچر کو فروغ دینا ہو گا ، اور اپنے اردگرد ہونے والی بدعنوانیوںکے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی۔بدعنوانی کے خاتمے کا عالمی دن ہر ادارے، ہر محکمے ، معاشرے کے ہر طبقے اور ہر فرد کو دعوت فکر وعمل دیتا ہے کہ وہ اپنے کردار اور ذمہ داریوں پر غور کرےں۔ ہم مشترکہ معاشرتی جدوجہد کے ذریعے ہی اپنے معاشرے کو عدل و انصاف ، احتساب، شفافیت اور سماجی مساوات و خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔