News Details

07/12/2024

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپورکی زیر صدارت لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول کونسل کے اجلاس میں مزید سات اربن سنٹرز / سٹیز کے تصوراتی ماسٹر پلان کی منظوری دے دی گئی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپورکی زیر صدارت لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول کونسل کے اجلاس میں مزید سات اربن سنٹرز / سٹیز کے تصوراتی ماسٹر پلان کی منظوری دے دی گئی جن میں پشاور ، ایبٹ آباد، ہری پور، مینگورہ ، چترال ، جمرود اور لنڈی کوتل شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منظور شدہ تصوراتی پلانز کے تحت مختلف ترقیاتی سرگرمیوں کے تفصیلی ڈیزائن بمعہ پی سی ون تیار کرکے منظوری کیلئے پیش کئے جائیں ۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ ڈیزائن کی تیاری میں تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کے ماہرین سے بھر پور مشاورت کی جائے تاکہ بعد میں عمل درآمد کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ یا مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول کونسل کا چوتھا اجلاس جمعہ کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ صوبائی کابینہ کے اراکین ارشد ایوب ،میجر ریٹائرڈمحمد سجاد ، پیر مصور شاہ، عبد الکریم تور ڈھیر،ایس ایم بی آر سید امتیاز حسین شاہ اور کونسل کے دیگر اراکین نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں کونسل کے سابقہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد سے متعلق شرکاءکو آگاہ کیا گیا ۔اجلاس کو مذکورہ اربن سنٹرز کیلئے مجوزہ ماسٹر پلانز پر تفصیلی بریفینگ دی گئی اور بتایا گیا کہ یہ ماسٹر پلان اربن ڈویلپمنٹ کے عصر ی تقاضوں اور آئندہ 20 سالوں تک شہروں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ شعبوں کے ماہرین کے ساتھ بھر پور مشاورت کے بعد وضع کئے گئے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے اربن ایریاز کی حقیقت پسندانہ ڈویلپمنٹ کیلئے مذکورہ پلانز پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے واضح کیاکہ اس مقصد کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں پوری کرنا ہوں گی ۔ وزیراعلیٰ نے ضلع کی سطح پرسرمایہ کاروں کیلئے ون ونڈ و آپریشن کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ ہر اربن سنٹر میں اس مقصد کیلئے ایک مخصوص اور جامع یونٹ تشکیل دیا جائے جو محکمہ جات ماحولیات، جنگلات ، زراعت ، بلدیات اور دیگر تمام متعلقہ اداروں اور محکموں کے ماہر نمائندوں پر مشتمل ہو ۔سرمایہ کاروںکو تمام تر معلومات اور پراسس سے متعلق تفصیلات ایک ہی جگہ دستیاب ہونی چاہئیں تاکہ اُنہیں اس سلسلے میں ادھر اُدھر دفاتر کے چکر نہ کاٹنا پڑیں۔ ایز آف ڈوئنگ بزنس پالیسی کے تحت غیر متعلقہ اور غیر ضروری پراسس ڈیلیٹ کیا جائے ۔ہم سرمایہ کاروں کو جتنی زیادہ سہولت فراہم کریںگے اُسی قدر پلانز پر عمل درآمد میں آسانی ہو گی ۔ مزید برآں وزیراعلیٰ نے تمام اربن سنٹرز میں غیر منظور شدہ پرائیویٹ سوسائٹیز اور کالونیوں کو ریگولیٹ کرنے کیلئے اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ سب کو ایک بار این او سی حاصل کرنے کی پیشکش کی جائے اور قانون کے مطابق این او سی فراہم کیا جائے ۔اُنہوںنے سرکاری پراپرٹی سمیت پرائیویٹ کالونیوں اور سوسائٹیوں کی جی آئی ایس میپنگ کی بھی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیاکہ این اوسی کے اجراءکے ساتھ ہی پلان کے مطابق مطلوبہ زمین کی ٹرانسفر یقینی بنائی جائے تاکہ بعد میں مسائل پیدا نہ ہوں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر صوبائی دارلحکومت پشاور میں پانی کے مسئلے کو دیر پا بنیادوں پر حل کرنے اور اس سلسلے میں مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مجوزہ منصوبوں پر عمل درآمد کیلئے اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ اُنہوںنے اس مقصد کیلئے خصوصی طور پر مہمند ڈیم اور جبہ ڈیم سے پشاور کو پانی کی سپلائی کے مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی بریفینگ کا انتظام کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پانی کے مسئلے کو ابھی سے سنجیدہ لینا ہو گاورنہ مستبقل میں بڑی پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔