News Details

22/11/2024

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کاضلع کرم کے علاقہ اوچت میں مسافر گاڑیوں پر مسلح افراد کے حملے کا سخت نوٹس

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے ضلع کرم کے علاقہ اوچت میں مسافر گاڑیوں پر مسلح افراد کے حملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور اس گھناو نے واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے صوبائی وزیر قانون، متعلقہ ایم این اے، ایم پی اے اور چیف سیکرٹری پر مشتمل وفد کو فوری طور پر کرم کا دورہ کرنے اور وہاں کے معروضی حالات کا خود جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ کرم میں صورتحال کو بہتر بنانے کےلئے پہلے والے جرگے کو پھر سے فعال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کےلئے صوبائی حکومت، پولیس اور تمام متعلقہ ادارے مل کر سنجیدہ کوششیں کررہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو صوبے میں تمام شاہراہوں کو محفوظ بنانے کےلئے پراونشل ہائی ویز پولیس کے قیام پر کام کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ علی امین خان گنڈاپور نے کرم میں مذکورہ دلخراش واقعے میں جاں بحق افراد کے خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کےلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔انہوں نے حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے مالی امداد کا بھی اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، واقعے میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے، انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کےلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔