News Details
06/11/2024
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے زمینوں سے متعلق زیر التواءمقدمات جلد نمٹانے کے سلسلے میں ایک اہم اقدام کے طور پر نچلی سطح کی عدالتوں کو اضافی ججز فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے زمینوں سے متعلق زیر التواءمقدمات جلد نمٹانے کے سلسلے میں ایک اہم اقدام کے طور پر نچلی سطح کی عدالتوں کو اضافی ججز فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کے لیے محکمہ قانون کو عدلیہ کی مشاورت سے مطلوبہ ہوم ورک جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ فیصلہ انہوں نے منگل کے روزبورڈ آف ریونیو کے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیا۔ صوبائی وزیر برائے ریونیو نذیر عباسی، سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو سید امتیاز حسین شاہ اور محکمہ مال کے دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جن اضلاع میں زمینوں سے متعلق مقدمات زیادہ ہیں وہاں پر اضافی ججز تعینات کئے جائیں گے۔ اجلاس میں زمینوںکے ملکیتی رقبوں کے مستقل بنیادوں پر تعین کے لیے جی آئی ایس ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ابتدائی طور پر جی آئی ایس میپنگ مخصوص اضلاع میں بطور پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے صوبے میں جاری لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن اور جی آئی ایس میپنگ زمینوں کے تنازعات کا واحد حل ہیں، ان پر ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے۔ علی امین گنڈاپور نے مزید ہدایت کی کہ جن اضلاع میں لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن مکمل ہو گئی ہے وہاں پر سروسز ڈیلیوری سنٹرز کو فوری طور فعال کیا جائے،صوبائی حکومت اس مقصد کے لیے درکار تمام وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے،لہٰذا اس بات کو یقینی بنایا جائے کے شہریوں کو خدمات کے حصول میں کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ کو اس موقع پر بورڈ آف ریونیو میں گذشتہ چھ ماہ کے دوران اٹھائے گئے اصلاحاتی اقدامات بارے بریفننگ دی گئی اور کابینہ اجلاسوں اور وزیر اعلیٰ کی جانب سے کیے گئے فیصلوں اور ہدایات پر عملدرآمد پر پیشرفت سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔