News Details
24/10/2024
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپورکی زیر صدارت بدھ کے روز ایک اہم اجلاس وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپورکی زیر صدارت بدھ کے روز ایک اہم اجلاس وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا ، جس میں احساس نوجوان روزگار اسکیم ، احساس ہنرپروگرام، احساس اپنا گھر اسکیم اور احساس روزگار پروگرام کے اجراءپر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں ان پروگراموں کے باضابطہ اجراءکےلئے یکم دسمبر 2024 کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے اور وزیراعلیٰ نے تمام پروگراموں پر عملدرآمد کےلئے ہوم ورک اور لوازمات کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ عوامی فلاح اور نوجوانوں کو باروزگار و با اختیار بنانے کے پروگرامز ہےںان پر عملدرآمد میں کسی قسم کی تاخیر کی گنجائش نہیں ہے ۔ صوبائی کابینہ اراکین سید قاسم علی شاہ، سید فخر جہاں، ڈاکٹر امجد علی خان کے علاوہ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری اور متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس کو احساس نوجوان روزگار اسکیم ، احساس ہنرپروگرام، احساس اپنا گھر اسکیم اور احساس روزگار پروگرام پر اب تک کی پیشرفت کے بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ احساس نوجوان روزگار اسکیم کے تحت نوجوانوں کو ایک ملین سے دس ملین روپے تک کے سافٹ لون فراہم کئے جائیں گے جبکہ لون کی فراہمی کےلئے تین سے پانچ ہنر مند نوجوانوں کے کلسٹرز کو ترجیح دی جائے گی۔ احساس ہنر پروگرام کے تحت فنی و پیشہ ورانہ اداروں سے گریجویٹس یا ڈپلومہ سرٹیفیکیٹس ہولڈرز کو کاروبار شروع کرنے کےلئے پانچ لاکھ روپے تک بلاسود قرضے دئیے جائیں گے۔ اسی طرح احساس اپنا گھر پروگرام کے تحت کم آمدن والے افراد کو گھر تعمیر کرنے ، موجودہ گھر کی توسیع و مرمت وغیرہ کےلئے بلا سود قرضہ فراہم کیا جائے گا۔ احساس روزگار (مائیکرو فنانس) اسکیم کے تحت نیا کاروبار شروع کرنے یا موجودہ کاروبار کی توسیع کیلئے بلا سود قرضہ مہیا کیا جائے گا ۔اجلاس میں زکوٰة فنڈز کے تحت مستحق گھرانوں کی بچیوں کی شادیوں کیلئے اجتماعی پروگرامز منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور وزیراعلیٰ نے بچیوں کی شادیوں کے اجتماعی پروگراموں کو منعقد کرنے کےلئے تمام تر لوازمات کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس سلسلے میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کی سطح پر بڑے پیمانے پر پروگراموں کا انعقاد کیا جائے ۔ اسی طرح ضلعی ہیڈ کوارٹر ز کی سطح پر بھی شادیوں کے اجتماعی پروگرامز منعقد کئے جائےں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو باروزگار بنانے اور لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے وژن پر کام کر رہی ہے۔ حکومت عوام کی فلاح پر خطیر وسائل خرچ کر رہی ہے اور اس کے بلا واسطہ ثمرات عوام تک پہنچنے چاہئیں۔
<><><><><><><><>