News Details

23/10/2024

خیبر پختونخوا حکومت کے فلیگ شپ منصوبے بی آر ٹی سروس کو ضلع نوشہرہ تک توسیع دے دی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا حکومت کے فلیگ شپ منصوبے بی آر ٹی سروس کو ضلع نوشہرہ تک توسیع دے دی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے منگل کے روز بی آر ٹی سروس کی نوشہرہ تک توسیع کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ 16 کلومیٹر طویل یہ فیڈر روٹ بی آر ٹی اسٹیشن سردار گڑھی پشاور سے شروع ہوکر پبی بازار ( نوشہرہ) تک جاتا ہے جس پر 12 میٹر لمبی چار بسیں چلیں گی جو بیس بیس منٹ کے وقفے سے روانہ ہوں گی۔یہ بسیں صبح ساڑھے چھ بجے سے لیکر شام سات بجے تک چلیں گی۔ اس فیڈر روٹ سے روزانہ کم و بیش چار ہزار مسافر مستفید ہوں گے۔ پبی فیڈرروٹ پر کل 13 بس اسٹاپس ہوں گے جن میں پبی بازار، کاجور، پبی ریلوے اسٹیشن، واپڈا ٹاون،تارو جبہ، ترناب فارم اور دیگر شامل ہیں۔ اس فیڈر روٹ پر سفر کا دورانیہ 40 منٹ ہو گا۔ پبی فیڈر روٹ کے افتتاح سے بی آر ٹی فیڈر روٹس کی تعداد اب 18 ہوگئی۔ اس فیڈر روٹ کے افتتاح سے نوشہرہ اور گردونواح کے عوام کو سفر کی معیاری سہولیات فراہم ہونگی۔اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ لوگوں کو صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ اور رہائش کی معیاری سہولیات فراہم کرنا موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جس کےلئے ایک ٹھوس منصوبہ بندی کے تحت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ موجودہ صوبائی حکومت صوبائی دارالحکومت پشاور اور گرد ونواح کے علاقوں کے عوام کو ٹرانسپورٹ کی معیاری سہولیات کی فراہمی کےلئے بی آر ٹی سروس کو مرحلہ وار توسیع دے رہی ہے اور پبی فیڈر روٹ کا افتتاح اسی سلسلے کی کڑی ہے ، اس سے پہلے ناصر باغ روڈ اورریگی ماڈل ٹاون فیڈر روٹ کا پہلے سے افتتاح کیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت رنگ روڈ سمیت دیگر علاقوں تک بھی بی آرٹی کو وسعت دینا چاہتی ہے جن پر ہوم ورک جاری ہے ۔ اس کے علاوہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ز میں بھی بی آر ٹی کے طرز پر ٹرانسپورٹ سروس شروع کرنے کا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز و ٹیکسیشن میاں خلیق الرحمن کے علاوہ اراکین صوبائی اسمبلی اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ <><><><><><><>