News Details

17/10/2024

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور سے ضلع خیبر کے کوکی خیل قبیلے کے عمائدین پر مشتمل جرگے نے وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ملاقات کی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور سے ضلع خیبر کے کوکی خیل قبیلے کے عمائدین پر مشتمل جرگے نے بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ملاقات کی جس میں کوکی خیل قوم کے عارضی طور پر بے گھر افراد کی اپنے علاقوں کو واپسی کے مسئلے پر طویل مشاورت کی گئی ۔ ایم این اے اقبال آفریدی، ایم پی ایز سہیل آفریدی اور عبدالغنی آفریدی کے علاوہ کمشنر پشاور، سیکرٹری ریلیف اور ڈپٹی کمشنر خیبر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات میں عارضی طور پر بے گھر افراد کی واپسی کے امکانات کا بغور جائزہ لیا گیا اور جو علاقہ کلیئر ہوچکا ہے وہاں کے لوگوں کی واپسی کے لیے رجسٹریشن کا عمل فوری شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ باقی ماندہ لوگوں کی واپسی کے لئے متعلقہ اداروں کے ساتھ اگلے ہفتے اجلاس منعقد کرکے واپسی کا لائحہ عمل اور ٹائم لائن طے کرنے پر بھی اتفاق پایا گیا۔ وزیر اعلیٰ کی یقین دہانی پر جرگے نے کل تیراہ کی طرف بے گھر افراد کے مجوزہ مارچ کو کینسل کرنے اور گذشتہ 75 دنوں سے طورخم شاہراہ پر جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ جرگے نے بے گھر افراد کی واپسی کا لائحہ عمل طے کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیااور 11 اکتوبر کا مسئلہ پر امن انداز میں حل کرنے پر وزیر اعلیٰ کے قائدانہ کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔ عمائدین کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ نے انتہائی دانشمندی اور اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے لوگوں کو خون خرابے سے بچالیا، ہم وزیر اعلیٰ کے اس اہم کردار پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے جس احسن طریقے سے 11 اکتوبر اور بنوں کا معاملہ حل کیا وہ ہمارا مسئلہ بھی ضرور حل کریں گے، ہمیں ان پر مکمل اعتماد ہے۔وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے مسئلے کے حل کے لئے اُن پر اعتماد کرنے پر کوکی خیل کے عمائدین کاشکریہ اد اکیا اور کہا کہ وہ ان کے اعتماد پر پورا اُترنے کی بھر پور کوشش کریں گے ۔ اگلے ہفتے متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے بے گھر افراد کی بحالی کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں، اُنہوںنے ملک میں امن کی خاطر اپنا گھر بار چھوڑا اور تکالیف برداشت کیں،ان کی اپنے علاقوں کو باعزت واپسی اور دوبارہ آبادکاری ہماری ترجیح ہے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بے گھر افراد کی واپسی اور دوبارہ آبادکاری کے لئے درکار سامان کی خریداری اور دیگر لوازمات کا عمل شروع کیا جائے۔ <><><><><><>