News Details

10/10/2024

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کاکابینہ اجلاس میں اسلام آباد میں حالیہ واقعات پر سخت ردعمل

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے آج کابینہ اجلاس میں اسلام آباد میں حالیہ واقعات پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے پر امن احتجاج کے دوران اسلام آباد میں جو کچھ ہوا وہ ناقابل برداشت اور افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے باوردی اہلکاروں کو زدو کوب کیا گیا، بعض اہلکاروں کو غیر قانونی طور پر حراست میں لیا گیا اور اس کے ساتھ ساتھ ریسکیو اہلکاروں کو بھی غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے خبردار کیا کہ اگر اسلام آباد پولیس اور انتظامیہ کی طرف سے ہمارے اہلکاروں پر کسی بھی قسم کا تشدد ثابت ہوا تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ریسکیو مشینری کو بھی غیر قانونی طور پر قبضے میں لے لیا گیا ہے، جو کہ قابل مذمت ہے۔علی امین گنڈاپورکا مزید کہنا تھاکہ بحیثیت وزیر اعلیٰ، جہاں بھی وہ جائیں گے، ان کے ساتھ اہلکار، ایمبولینس اور درکار مشینری لازمی ساتھ ہوگی۔ انہوں نے کے پی ہاوس اسلام آباد میں ہونے والے واقعات کو فسطائیت قرار دیا اور کہا کہ ہماری املاک کو غیر قانونی طور پر توڑا گیا ہے، جس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لیے مشاورت کی جا رہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ کے پی ہاو ¿س میں ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے تاکہ ان نقصانات کا جائزہ لیا جا سکے۔ علی امین خان گنڈاپور نے وفاقی حکومت کے غیر قانونی اقدامات اور فسطائیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا اٹھارہویں ترمیم کے تحت اپنے آئینی حقوق اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔