News Details
08/10/2024
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بٹگرام سب جیل میں زیر حراست لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیا ہے
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بٹگرام سب جیل میں زیر حراست لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیا ہے اور متعلقہ حکام کو واقعے کی انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر سپرنٹنڈنٹ سب جیل بٹگرام شہریار کو عہدے سے ہٹا کر معطل کردیا گیا جبکہ معاملے کی صاف شفاف انکوائری کے لئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کی طرف سے باضابطہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ دو رکنی انکوائری کمیٹی ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات ہزارہ ڈویژن اور سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل مانسہرہ پر مشتمل ہے۔ اعلامیہ کے مطابق کمیٹی دو دنوں میں معاملے کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ کمیٹی کی تحقیقات کی روشنی میں زیادتی کے مبینہ واقعے کے مرتکب عناصر کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے گی اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور متاثرہ لڑکی کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔