News Details

28/09/2024

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لیے صحافت ناگزیر ہے۔ میڈیا ہی کے ذریعے عوام کے مسائل اجاگر ہوتے ہیں

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لیے صحافت ناگزیر ہے۔ میڈیا ہی کے ذریعے عوام کے مسائل اجاگر ہوتے ہیں اور انکے حل کے لیے اقدامات اٹھائے جاتے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے اور میڈیا کی جانب سے مثبت تنقید کا خیر مقدم کرے گی اور تنقید کی روشنی میں اصلاح کی کوشش کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز وزیر اعلیٰ ہاو ¿س پشاور میں صوبے کے پریس کلبوں کو گرانٹ ان ایڈ کے چیکس دینے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف، سیکرٹری اطلاعات ارشد خان، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات و تعلقات عامہ محمد عمران ، نظامت اطلاعات و تعلقات عامہ کے دیگر اعلیٰ حکام اور تمام پریس کلبوں کے عہدیداران بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ وزیر اعلیٰ نے صوبے کے پریس کلبوں میں گرانٹ ان ایڈ کے چیکس تقسیم کیے۔وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا فرض بنتا ہے کہ ہر سیکٹر کو فروغ دیا جائے اور معاشرے کے تمام طبقات کو یکساں مواقع فراہم کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کےلئے فرنٹ فٹ پر کھیلنا ہوگا کیونکہ ہمیں امن و امان ، کمزور معاشی صورتحال جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کو ٹھیک کرنے اور عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کرنے کےلئے ہمیں بھر پور آواز اٹھانی ہوگی۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کرنے پر کام کر رہی ہے کیونکہ ہم عوام کے پیسے کے امین ہےں اور عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ کریں گے جس پر جتنی بڑی ذمہ داری ہوتی ہے اس سے اس کے بارے میں ضرور پوچھا جائے گا۔ ہمیں اپنے اندر اصلاح کرنے کا جذبہ پیدا کرنا ہوگا اور اپنی غلطی اور کوتاہی سے سیکھ کر انہیں نہ دہرانے کا عزم کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت طلبہ کوسکالر شپس فراہم کرنے کےلئے فنڈ ز جنریٹ کرنے پر کام کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے مل کر کام کرنا ہے اور صوبے اور ملک کی ترقی کےلئے اپنا اپنا فرض ایمانداری سے نبھانا ہے تاکہ آئندہ نسلوں کو ایک مستحکم اور خوشحال ملک دیا جائے۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صحافی برادری کے ساتھ تعلق اور رشتہ بحال رہے گا اور ان کی تمام جائز ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔ صوبائی حکومت کی سولر اسکیم میں صحافیوں کو بھی پیکج دیا جائے گا۔ حکومت کی کوشش ہے جن علاقوں میں پریس کلب نہیں ہےں وہاں پر پریس کلب قائم کیے جائیں اور نوجوا ن صحافیوں کو تمام درکار سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ فرائض کی انجام دہی میں کوئی مشکلات نہ ہوں۔