News Details
27/09/2024
عالمی یوم سیاحت کے موقع پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کا پیغام
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، سیاحت کو فروغ دے کر نہ صرف لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جاسکتے ہیں بلکہ ملکی معیشت کو بھی مضبوط بنیادیں فراہم کی جاسکتی ہیں۔ صوبہ خیبر پختونخوا قدرتی حسن سے مالامال ہے، صوبائی حکومت اسے بروئے کار لا کر سیاحت کو بطور صنعت فروغ دینے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔ عالمی یوم سیاحت کے موقع پر یہاں سے جاری اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کے لئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے۔ صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لئے رابطہ سڑکوں کی تعمیر، ریسٹ ایریاز کی تعمیر، کیمپنگ پاڈز کی تنصیب ، ٹوارزم پولیس کا قیام، ٹوارزم ہیلپ لائن کا قیام اور اینٹگریٹڈ ٹورازم زونز کا قیام جیسے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جن کے نتیجے میں رواں سال اب تک ایک کروڑ سے زائد ملکی و غیر ملکی سیاحوں نے خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے کے نئے سیاحتی مقامات کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو صوبے کی طرف راغب کیا جاسکے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا منفرد ثقافتی ورثے کا حامل صوبہ ہونے کے ساتھ ساتھ یہاں کے لوگ اپنی روایتی مہمان نوازی کے لئے بھی مشہور ہیں، ہم سیاحوں کو نہ صرف یہاں پر خوش آمدید کریں گے بلکہ انہیں تمام تر سہولیات کی فراہمی کے لئے بھر پور کوششیں بھی کریں گے، سیاح خیبر پختونخوا آئیں اور یہاں کے قدرتی حسن، منفرد ثقافت اور روایتی مہمان نوازی سے خوب لطف اندوز ہوں۔
َِِ<><><><><><><>