News Details

25/09/2024

زیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے صوبے میں سیاحت کے فروغ کو اپنی حکومت کی اہم ترجیحات میں سے ایک قراردیا

وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے صوبے میں سیاحت کے فروغ کو اپنی حکومت کی اہم ترجیحات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا بشمول ضم اضلاع میں سیاحت کے فروغ کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور موجودہ صوبائی حکومت ان مواقع کو موثر انداز میں استعمال لانے کے لئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ یہاں سیاحت کو فروغ دے کر نہ صرف مقامی لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جاسکیں بلکہ صوبے کی آمدن میں بھی اضافہ کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں سیاحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرکے صوبے کو مالی طور پر خود کفیل بنایا جاسکتا ہے۔ وہ گزشتہ روز عالمی یوم سیاحت کی مناسبت سے محکمہ سیاحت کے زیر اہتمام نشترہال میں منعقدہ ٹوارزم ایکسلنسی ایوارڈ کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق سیاحت کے تمام شعبوں کو بیک وقت فروغ دینے اور زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو صوبے کی طرف راغب کرنے کے سلسلے میں سیاحوں کو درکار سہولیات کی فراہمی اور صوبے میں نئے سیاحتی مقامات کو فروغ دینے پر کام کررہی ہے اور صوبائی حکومت کے ان اقدامات کے نتیجے میں رواں سال اب تک ایک کروڑ سے زائد ملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے صوبے کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لئے امن و امان ناگزیر ہے اور صوبائی حکومت صوبے خصوصا ً ضم اضلاع میں امن و امان کی موجودہ غیر تسلی بخش صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ صوبے میں امن کے لئے فوج اور پولیس کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ملک اور صوبے میں امن کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے پاک فوج اور پولیس کے شہداءکو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن کے لئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے اور اپنی آنے والی نسلوں کو ایک بہتر پاکستان دینا ہے۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ عمران خان کا یہ وژن ہے کہ ہم نے ایک خود دار قوم بننا ہے جس کے لئے مالی طور پر خود کفیل ہونا ضروری ہے، ہماری حکومت صوبے کو مالی طور پر خود کفیل بنانے کے لئے استعداد کے حامل شعبوں کو ترقی دینے پر دن رات کام کررہی ہے، سیاحت کا شعبہ ان شعبوں میں سے ایک اہم شعبہ ہے جس کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لئے رابطہ سڑکوں کی تعمیر، ریسٹ ایریاز کی تعمیر، اینٹگریٹڈ ٹورازم زونز کا قیام،ٹوارزم پولیس کا قیام اور ٹوارزم ہیلپ لائن کا قیام جیسے اقدامات کئے جارہے ہیں اور ان اقدامات کے خاطر خواہ نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو نکھارنا، انہیں مواقع فراہم کرنا اور انہیں مالی طور پر خودمختار بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لئے موجودہ صوبائی حکومت نے مختلف منصوبے شروع کئے ہیں۔ فنکاروں کو صوبے کی ثقافت کے امین قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے نشترہال کی آمدن کا 100 فیصد حصہ مستحق فنکاروں کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے سیاحت کے مختلف ذیلی شعبوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد میں ایکسلنسی ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی کے مشیر برائے سیاحت زاہد چن زیب نے سیاحتی اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے صوبائی حکومت کے اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ قبل ازیں وزیر اعلی نے نشتر ہال میں 117 ملین روپے کی لاگت سے قائم کلچر کمپلیکس کا بھی افتتاح کیا۔ َِ<><><><><><>