News Details

24/09/2024

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے ضلع کرم میں امن و امان کے مسئلے کا نوٹس لے لیا ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے ضلع کرم میں امن و امان کے مسئلے کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ داخلہ و قبائلی امور نے کمشنر کوہاٹ ڈویژن اور ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ کو باضابطہ مراسلہ ارسال کردیا ہے جس میں مسئلے کے پر امن حل کے لئے فوری طور پر جرگہ منعقد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ ایک سال سے ضلع کرم میں امن و امان کے مسائل جنم لے رہے ہیں جنہیں جرگوں اور قانون نافذ کرنے والوں اداروں کی کارروائیوں سے وقتی طور پر حل کیا جا رہا ہے لیکن یہ مسئلے مستقل بنیادوں پر حل نہیں ہورہے۔ مسئلے کے مستقل حل کے لئے علاقے کے عمائدین، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، منتخب بلدیاتی نمائندوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مشتمل جرگہ بلایا جائے اور جرگہ منعقد کرکے فریقین کے مطالبات صوبائی حکومت کو پیش کئے جائیں۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ تنازعے کے مستقل بنیادوں پر حل کے لئے صوبائی حکومت کو تجاویز بھی پیش کی جائیں۔ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ جرگے کے انعقاد کے سلسلے میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے اس سلسے میں جاری اپنے ایک بیان میں فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور امن و امان کے قیام کے سلسلے میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔ انہوں نے علاقہ عمائدین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ تنازعے کے پر امن حل کے لئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔ <><><><><><><>