News Details
24/09/2024
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے صوبے کے عوام کے لئے ایک اہم فلاحی اقدام کے طور پر لائف انشورنس کو صحت کارڈ میں شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں جلد از جلد با ضابطہ پلان تیار کرکے منظوری کےلئے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے صوبے کے عوام کے لئے ایک اہم فلاحی اقدام کے طور پر لائف انشورنس کو صحت کارڈ میں شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں جلد از جلد با ضابطہ پلان تیار کرکے منظوری کےلئے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں عوامی حکومت ہے اور عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ ہوگا۔ یہ فیصلہ انہوں نے پیر کے روز صحت کارڈ پلس سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے صحت احتشام علی اور مشیر خزانہ مزمل اسلم کے علاو ¿ہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ و ڈویلپمنٹ اکرام اللہ خان ، سیکرٹری صحت عدیل شاہ ، سی ای او صحت کارڈ پلس ڈاکٹر ریاض تنولی اور اسٹیٹ لائف انشورنس کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں صحت کارڈ کے تحت ریٹس کم ہونے کی وجہ سے دل کے مریضوں کے آپریشنز نہ ہونے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو دل کے مریضوں کے آپریشنز صحت کارڈ کے تحت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ دل کے آپریشنز پر آنے والے تمام اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی، مریضوں پر کوئی بوجھ نہ ڈالا جائے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ صحت کارڈ کے تحت مریضوں کو علاج معالجے کے حصول میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ نے صحت کارڈ پلس کو پاکستان تحریک انصاف حکومت کا ایک فلیگ شپ منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف ایک منصوبہ نہیں بلکہ سماجی تحفظ کا ایک مکمل پیکج ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اسے جامع بنانے کےساتھ ساتھ شفافیت کو بھی یقینی بنانے پر کام کر رہی ہے، مزید بیماریوں کے علاج کو بھی صحت کارڈ میں شامل کرنے پر کام جاری ہے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صحت کارڈ کی افادیت اور شہریوں کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے اچھی شہرت کے حامل مزید اسپتالوں کو بھی صحت کارڈ میں شامل کیا جائے گا تاکہ دور دراز علاقوں کے لوگوں کو اپنے گھر کی دہلیز پر مفت صحت کی سہولیات کی دستیابی یقینی ہو۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت شروع دن سے صحت کارڈ کی مد میں اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کو ادائیگیاں ترجیحی بنیادوں پر کر رہی ہے،صحت کارڈ کے تحت عوام کو مفت علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی میں کوئی روکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔
<><><><><><>