News Details

20/09/2024

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈ اپور نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کی ترقی ہماری ترجیح ہے، ان اضلاع کے مسائل حل کرنے کےلئے جرگے منعقد کئے جارہے ہیں،

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈ اپور نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کی ترقی ہماری ترجیح ہے، ان اضلاع کے مسائل حل کرنے کےلئے جرگے منعقد کئے جارہے ہیں، اس سلسلے میں منعقدہ ابتدائی جرگے میں جن مسائل کی نشاندہی کی گئی تھی ان کے حل پر انتظامیہ کام کر رہی ہے ، اگلے مرحلے میں ضلع وار جرگہ منعقد کریں گے تاکہ ہر ضم ضلع کے مسائل کی نشاندہی کر کے ان کا تدارک کیا جائے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ضم اضلاع کے حوالے سے موجودہ صوبائی حکومت نے ایک پالیسی بنائی ہے جس کے تحت ہر ضم ضلع میں مقامی ڈومیسائل کی بنیاد پر لوگ بھرتی ہونگے کیونکہ یہ نوکریاں انکا حق ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد ہوگا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ضم اضلاع میں غیر قانونی مائننگ کو بند کرنے کا مقصد مقامی لوگوں کو مائننگ کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے اور اپنے بچوں کےلئے روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ضم اضلاع میں انفراسٹرکچر کی تعمیر کےلئے نئے منصوبے لائے جا رہے ہیں جن میں سڑکوں کی بحالی ، پینے کے پانی کی فراہمی اور دیگر شامل ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ جن علاقوں میں سکیورٹی کلیئرنس ہو گئی ہے وہاں پر لوگوں کو آباد کیا جائے گا۔ ضم اضلاع میں غیر ضروری چیک پوسٹیں ختم کر رہے ہیں تاکہ عوام کوتکلیف نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضم اضلاع میں آو ¿ٹ سورس اسپتالوں کو دوبارہ فعال بنانے کے لیے فنڈز ریلیز کر دیئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیاکہ موجودہ صوبائی حکومت ضم اضلاع کے ساتھ جو وعدے کرے گی وہ سارے پورے کئے جائیں گے کیونکہ ضم اضلاع کی ترقی عمران خان کا ایک وژن اور خواب ہے جس کو ہر صورت پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی پالیسی بڑی واضح ہے کہ ہم ان سیکٹرز میں انویسٹمنٹ کریں گے جن میں صوبے کو خود کفیل بنانے کی استعداد موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ صوبے خصوصاً قبائلی اضلاع میں امن و امان کا قیام ایک بڑا چیلنج ہے اور صوبائی حکومت متعلقہ محکموں ، اداروں، انتظامیہ اور علاقہ مشران کے باہمی تعاون سے اس چیلنج سے نمٹنے کےلئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ <><><><><><>