News Details

18/09/2024

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے پوری امت مسلمہ خصوصاًاہل پاکستان کو عید میلاد النبی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حضور کی ولادت نہ صرف عالم اسلام بلکہ پوری عالم انسانیت کے لئے باعث رحمت ہے اور آپ سے محبت اور آپ کی تعلیمات کی پیروی ایمان کا بنیادی تقاضا ہے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے پوری امت مسلمہ خصوصاًاہل پاکستان کو عید میلاد النبی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حضور کی ولادت نہ صرف عالم اسلام بلکہ پوری عالم انسانیت کے لئے باعث رحمت ہے اور آپ سے محبت اور آپ کی تعلیمات کی پیروی ایمان کا بنیادی تقاضا ہے۔ وہ منگل کے روز قومی رحمت العالمین کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا وہ عید میلاد النبی کی مناسبت سے صوبے میں عشرہ رحمت العالمین کے انعقاد پر محکمہ مذہبی امور اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپ کا اسوہ حسنہ تمام انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے، آپ کی آفاقی تعلیمات زندگی کے تمام شعبوں کا احاطہ کرتی ہیں، آپ نے خواتین، بچوں، یتیموں، اقلیتوں اور غلاموں سمیت سب کے حقوق کا واضح تعین کیا ہے اور آپ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر انسان دنیا اور آخرت میں کامیابی سے ہمکنار ہو سکتا ہے۔ علی امین خان گنڈاپور کا کہنا تھا کہ آپ نے انسانیت، محبت، امن، عدل و انصاف اور ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا درس دیا ہے، آپ کا خطبہ حجتہ الوداع ایک ایسا منشور ہے جو رہتی دنیا تک بنی نوع انسان کے لئے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ اسلام جنگوں سے نہیں بلکہ آپ کی حسن سیرت اور کردار سے پھیلا ہے، غیر مسلموں نے آپ کے عملی کردار سے متاثر ہوکر اسلام قبول کیا، آپ نے لوگوں کو عملی نمونہ پیش کرنے کے بعد انہیں اسلام کی طرف راغب کیا اور آپ نے ہمیشہ اصلاح کا موقع دیا اور فتح مکہ کے بعد سب کے لئے عام معافی کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہمیں اپنے بچوں کو آپ کی ان عظیم تعلیمات سے روشناس کرانا ہوگا کیونکہ آنے والی نسلوں کو آپ کا بتایا ہوا راستہ دکھائے بغیر اسلامی فلاحی معاشرے کا قیام ممکن نہیں۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے لیڈر عمران خان نے بین الاقوامی سطح پر اسلام اور ناموس رسالت کے بارے میں موثر آواز اٹھایا اور اپنی بات منوائی، عمران خان نے بین الاقوامی سطح پر امت کی نمائندگی کی اور ان کی کوششوں کی وجہ سے اب عالمی سطح پر اسلامو فوبیا کے خلاف دن منایا جاتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اور ہمیں اپنے عمل سے ثابت کرنا ہے کہ ہم پر امن لوگ ہیں۔ کانفرنس میں وزیر اعلیٰ نے عشرہ رحمت العالمین کی مناسبت سے منعقد حسن قرآت اور نعت خوانی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔ کانفرنس میں خطبہ حجتہ الوداع کا متن پڑھ کر سنایا گیا۔ کانفرنس کے آخر میں ملک کی تعمیر وترقی، خوشحال و استحکام اور امن و امان کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ کانفرنس میں منتخب عوامی نمائندوں، سرکاری حکام، سیاسی و سماجی شخصیات اور تمام مکتبہ ہائے فکر کے علماءکرام اور اقلیتی کمیونٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مذہبی امور عدنان قادری علمائے کرام نے سیرت النبی کے مختلف پہلوو ¿ں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔کانفرنس عشرہ رحمت العالمین منانے کے سلسلے میں صوبائی حکومت کی مختلف تقاریب کا اہم حصہ تھا۔ یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی خصوصی ہدایات پر صوبے میں پہلی دفعہ رحمت العالمین کانفرنسوں کا سرکاری سطح پر انعقاد کیا گیا اور یہ کانفرنسز صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر منعقد کئے گئے۔ <><><><><>