News Details
08/09/2024
خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں باغبانی کے فروغ کے لئے ایک اہم اقدام کے طور پر ہارٹیکچر اتھارٹی کے قیام کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں باغبانی کے فروغ کے لئے ایک اہم اقدام کے طور پر ہارٹیکچر اتھارٹی کے قیام کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔ مجوزہ ہارٹیکلچر اتھارٹی باقاعدہ ایکٹ کے تحت قائم کیا جائے گا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مذکورہ ایکٹ کے مسودے کی تیاری پر کام شروع کریں۔ یہ فیصلہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی زیر محکمہ بلدیات کے ایک اجلاس میں کیا گیا۔ صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب کے علاوہ محکمہ ہائے بلدیات اور قانون کے انتظامی سیکرٹریز اور پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ بلدیات خصوصا بلدیاتی حکومتوں کے مسائل اور دیگر متعلقہ اُمور پر تفصیلی غوروخوص کیا گیا۔ اجلاس میں پی ڈی اے کو پشاور کے تین شہری ٹی ایم ایز کی حدود میں خصوصی ذمہ داریاں دینے سے متعلق اُمور بھی غور و خوص کیا گیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ پی ڈی اے کو دی جانے والی مجوزہ ذمہ داریاں ٹی ایم ایز کی معمول کی ذمہ داریوں اور کاموں سے ہٹ کر ہونگی جن سے ٹی ایم ایز کے معمول کا کام اور عملہ متاثر نہیں ہوگا۔ وزیر اعلی نے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں ہوم ورک مکمل کرکے حتمی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پشاور ہم سب کا شہر اور صوبے کا چہرہ ہے، موجودہ صوبائی حکومت اس کی تعمیر و ترقی کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر کرنے کے لئے ٹی ایم ایز کو مستحکم کرنا ہے اور ٹی ایم ایز کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی مد میں بقایاجات کو ترجیحی بنیادوں پر کلئیر کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقامی سطح کے عوامی مسائل فوری حل کرنے میں بلدیاتی حکومتوں کا کردار انتہائی اہم ہے، موجودہ صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق بلدیاتی نظام کو با اختیار بنانے اور اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کے لئے پر عزم ہے اور اس مقصد کے لئے بلدیاتی نمائندوں کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔