News Details
07/09/2024
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے جمعہ کے روز ضلع صوابی کا مختصر دورہ کیا
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے جمعہ کے روز ضلع صوابی کا مختصر دورہ کیا جہاں اُنہوںنے شہید کیپٹن کرنل شیر خان کے مزار پر حاضری دی ، مزار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی ۔ وزیراعلیٰ نے شہید کیپٹن کرنل شیر خان کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔ سابق سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر ، رکن قومی اسمبلی شاہرام خان ترکئی ، صوبائی کابینہ اراکین فیصل خان ترکئی ، عاقب اﷲ خان، عبدالکریم تور ڈھیربھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مادر وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے جوان ہمارے اصل ہیرو ہیںاور 6 ستمبر کا دن ان ہیروز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ شہید کیپٹن کرنل شیر خان نے مادروطن کی حفاظت کیلئے اپنی جان قربان کرکے بہادری کی ایک داستان رقم کی ہے ، ہمیں اپنے شہداءاور غازیوں پر فخر ہے ، پاکستان ان شہداءکی قربانیوں کی بدولت قائم ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ شہداءکی قربانیوں کی وجہ سے ہم آج کھلی فضا ءمیں سانس لے رہے ہیں ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ اُنہوںنے واضح کیاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے ۔