News Details

23/08/2024

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہم نے ترنول کے مقام پر تاریخی جلسہ منعقد کرنے کی بھر پور تیاری کر رکھی تھی

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہم نے ترنول کے مقام پر تاریخی جلسہ منعقد کرنے کی بھر پور تیاری کر رکھی تھی مگر اپنے قائد عمران خان کے حکم پر جلسہ ملتوی کیاہے۔ہم سب اپنے لیڈر عمران خان کے حکم کے پابندہیں ،عمران خان کے حکم پر ہم آگے جانے اور پیچھے ہٹنے کیلئے بھی تیار ہیں ۔8 ستمبر کو ہم اسلام آباد میں بھر پور عوامی طاقت کا مظاہرہ کریںگے، ہمارے جلسے کی این او سی بار بار منسوخ کی جارہی ہے ، اگلی دفعہ اگر این او سی نہ بھی ملی تو بھی ہم جلسہ کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے جمعرات کے روز دورہ صوابی کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وفاق میں بیٹھی جعلی اور مینڈیٹ چور حکومت تحریک انصاف کے خلاف ایک منصوبہ بندی کے تحت فسطائیت کر رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ عمران خان نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ قانون اور آئین کے پاسداری کرتے ہیں اور وہ جو بھی کرتے ہیں ملک اور قوم کے مفاد کیلئے ہی کرتے ہیں۔ اُنہوںنے کہاکہ عمران خان نے تصادم کے خدشے کے پیش نظر 22 اگست کا جلسہ ملتوی کرنے کا حکم دیا تھا کیونکہ وہ تصادم اور انتشار نہیں چاہتے ۔ عمران خان ذات کا نہیں بلکہ صرف اور صرف ملک اور قوم کا سوچتے ہیں۔ میں حکومت اور اداروں کو واضح پیغام دیتا ہوں کہ عدالتوں کا احترام اور قانون کی پاسداری ان پر فرض ہے اور وہ اپنا فرض پورا کریں ۔ علی امین گنڈا پور نے واضح کیاکہ جعلی حکومت بار بار فسطائیت کرکے ہمارے ظرف اور صبر کا امتحان نہ لے ۔ مینڈیٹ چور حکومت کو پیغام دیتا ہوں کہ ہوش کے ناخن لے اور ہمیں اس حد تک جانے پر مجبور نہ کرے جو وہ برداشت نہ کر سکے ۔ عمران خان کے حکم پر ہم سروں پر کفن باندھ کر نکلتے ہیں ، ہم آپ کا وہ حال کریں گے کہ آپ کی نسلیں بھی یاد کر یں گی ۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ، ہم اس پر کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہم عاشق رسول ہیں ، ختم نبوت کے تحفظ کیلئے ہم اپنا سب کچھ قربان کردیں گے ۔