News Details

12/08/2024

اسلام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی دینے اور انہیں اسلامی ریاست میں بطور شہری مساوی حقوق فراہم کرنے کا درس دیتا ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈا پور

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈا پور نے پاکستان کی ترقی میں مذہبی اقلیتوں کی گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی دینے اور انہیں اسلامی ریاست میں بطور شہری مساوی حقوق فراہم کرنے کا درس دیتا ہے۔ اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کے سماجی، سیاسی، مذہبی اور معاشی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ آج کے دن اقلیتوں کے قومی دن کے طور پر منایا جانا اس امر کا عکاس ہے کہ پاکستان میں اسلامی تعلیمات اور آئین پاکستان کے مطابق اقلیتوں کو بھر پور تحفظ اور حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت تمام شہریوں کو بلا تفریق و امتیاز فلاح و ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے ناصرف پر عزم ہے بلکہ اس مقصد کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ثقافتوںاور روایات کا بھرپور لحاظ رکھنے اور بین المذاھب ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ خصوصیات کسی بھی انسانی معاشرے کا حسن ہیں۔ "ہم ایسے معاشرے کو پروان چڑھانے کے لیے پر عزم ہیں جہاں معاشرے کے تمام طبقات کو ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں تاکہ وہ ہماری اجتماعی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکیں۔ ہماری پالیسیاں اور اقدامات اقلیتوں کو درپیش منفرد چیلنجوں سے نمٹنے اور ان کو بااختیار مدد دیں گے،" وزیر اعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور نے تمام تر شہریوں کے درمیان باہمی احترام اور سماجی و معاشی فلاح کے لیے اقدامات میں شراکت داری یقینی بنانے کی ضرورت و اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے افراد معاشرہ پر زور دیا کہ وہ ایک ایسے معاشرے کی تعمیر کے لیے مل کر کام کریں جہاں ہر فرد کے حقوق کو برقرار رکھا جائے اور ان کے تعاون کی قدر کی جائے۔