News Details

27/07/2024

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کاضلع کرم میں جائیداد کے تنازعے پر فریقین کے درمیان جھڑپوں اور ان جھڑپوں کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا نوٹس

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے ضلع کرم میں جائیداد کے تنازعے پر فریقین کے درمیان جھڑپوں اور ان جھڑپوں کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ان جھڑپوں کو ختم کرنے کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس فریقین کے درمیان سیز فائر کرنے کے لئے مو ¿ثر کردار ادا کرے اور کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے اور علاقے کا امن خراب کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی ہے کہ انتظامیہ اور پولیس علاقے میں حکومت اور قانون کی عملداری کو یقینی بنائے۔ وزیر اعلیٰ نے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعہ مل بیٹھ کر قبائلی روایات کے مطابق جرگے کے ذریعے حل کریں کیونکہ جائیداد کے تنازعات پر اس طرح کی جھڑپیں علاقے کے امن کو خراب کر سکتے ہیں اور تنازعے کو باہمی مشاورت سے پر امن انداز میں حل کرنا فریقین سمیت پورے علاقے کے مفاد میں ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ان جھڑپوں میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی ہے اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔