News Details
10/07/2024
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کے فروغ کیلئے صوبائی دارلحکومت پشاور میں بین الاقوامی معیار کا سائبر سکیورٹی انسٹیٹیوٹ قائم کرنے کا اُصولی فیصلہ کیا ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کے فروغ کیلئے صوبائی دارلحکومت پشاور میں بین الاقوامی معیار کا سائبر سکیورٹی انسٹیٹیوٹ قائم کرنے کا اُصولی فیصلہ کیا ہے ۔ یہ فیصلہ منگل کے روز وزیراعلیٰ کی زیر صدارت منعقدہ ایک اجلاس میں کیاگیا۔صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریزاور دیگر اعلیٰ حکام کے علاوہ ڈائریکٹر ،نیشنل سنٹر برائے سائبر سکیورٹی نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔ سائبر سکیورٹی انسٹیٹیوٹ ابتدائی طور پر پہلے سے دستیاب سرکاری عمارت میں شروع کیا جائے گااور اس انسٹیٹیوٹ میں بیچلر ، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی ڈگری پروگرام آفر کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ اعلیٰ تعلیم اور سائنس ٹیکنالوجی اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حکام کو اس سلسلے میں تمام جزیات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ سائبر سکیورٹی انسٹیٹیوٹ کے قیام کیلئے قابل عمل تجاویز جلد باضابطہ منظوری کیلئے پیش کی جائیں۔ اُنہوںنے کہاکہ خیبرپختونخوا میں سائبر سکیورٹی انسٹیٹیوٹ کا قیام وقت کی اشد ضرورت ہے اس پر بلاتاخیر کام شروع کیا جائے ۔اُنہوںنے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اس مقصد کیلئے درکار تمام وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کے شعبے میں بے پنا ہ استعداد موجود ہے اس سے بھر پور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ مستقبل میں ڈویژنل سطح پر بھی عالمی معیار کے سائبر سکیورٹی انسٹیٹیوٹس قائم کئے جائیں گے ۔ علی امین گنڈ اپور نے کہاکہ نوجوانوں کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم و تربیت دینا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں جدید تعلیم و تربیت دے کر قومی اور بین الاقوامی سطح پر خود روزگاری کے قابل بنایا جا سکتا ہے ۔ اُنہوںنے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ، موجودہ صوبائی حکومت انہیں تمام شعبوں بھر پور مواقع فراہم کرے گی ۔
<><><><><>