News Details

08/07/2024

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ صحت اور تعلیم میں اصلاحات سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ تعلیم اور صحت کے موجودہ نظام کوبہتر بنانے کےلئے اہم پالیسی فیصلے کیے گئے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ صحت اور تعلیم میں اصلاحات سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ تعلیم اور صحت کے موجودہ نظام کوبہتر بنانے کےلئے اہم پالیسی فیصلے کیے گئے اور وزیر اعلیٰ کی طرف سے متعلقہ حکام کو ضروری احکامات جاری کیے گئے۔ وزیر اعلیٰ نے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کےلئے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان محکموں کے بہتر انتظام و انصرام کےلئے ریجنل سطح پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل تعینات کئے جائیں کیونکہ اتنے بڑے محکموں کو صوبے کی سطح سے بہتر انداز میں چلانا ناممکن ہے، سروس ڈیلیوری تبھی بہتر ہوسکتی ہے جب اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہونگے، اس لئے ضروری ہے کہ ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل اور محکموں کے بہتر انتظام و انصرام کےلئے اختیارات کو ریجن کی سطح پر منتقل کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ ڈومیسائل کی بنیاد پر بھرتی ہونے والے اساتذہ اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو دوبارہ ان کے ڈومیسائل والے علاقوں میں تعینات کیا جائے، اس مقصد کےلئے متعلقہ قوانین میں ضروری ترامیم تجویز کی جائیں، اساتذہ اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی اگلے گریڈ میں ترقی اپنے ڈومیسائل والے علاقوں میں سروس سے مشروط کی جائے۔ علی امین گنڈاپور نے صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں غیر مستعمل طبی آلات کا مکمل ڈیٹا ایک ہفتے میں اکٹھا کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جو طبی آلات استعمال میں نہیں انہیں فوری طور پر استعمال میں لانے کےلئے اقدامات کئے جائیں اور جہاں پر ان طبی آلات کی ضرورت نہیں انہیں ان ہسپتالوں کو منتقل کیا جائے جہاں ان کی ضرورت ہے، وسائل کے بہتراستعمال اور سروس ڈیلیوری کی مو ¿ثر مانیٹرنگ کےلئے صحت اور تعلیم کے محکموں کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ موجودہ صوبائی حکومت کے اقدامات سے پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے، جب موجودہ صوبائی حکومت اقتدار میں آئی تو اس وقت ہر مہینے پانچ لاکھ لوگ پرائمری لیول ہسپتالوں کی طرف رجوع کر تے تھے، اب یہ تعداد بڑھ کر سات لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے پرائمری ہیلتھ کئیر سسٹم کے نظام میں بہتری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ لوگوں کو مقامی سطح پر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کےلئے پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو مزید مستحکم بنانے پر توجہ دی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ محکمہ تعلیم میں خالی آسامیوں کے بغیر اساتذہ کی ٹرانسفرز کسی صورت نہیں ہونی چاہئیں۔ علاوہ ازیں انتظامی عہدوں پر ٹیچنگ کیڈر کے ملازمین کی تعیناتی بند کی جائے اور محکمہ صحت اور تعلیم میں ٹیچنگ کیڈر اور منیجمنٹ کیڈر کو الگ الگ رکھا جائے، جہاں جہاں ضرورت ہو وہاں بلاتاخیر کرائے کی عمارتوں میں سکولز کھولے جائیں، کرائے کی عمارتوں میں قائم ہونے والے سکولوں میں اساتذہ کنٹریکٹ پر بھرتی کئے جائیں۔ اجلاس میں ٹیلی ہیلتھ اور ٹیلی ایجوکیشن سسٹم کے اجراءسے متعلق امور پر بھی غوروخوص کیا گیا۔ اجلاس میں صحت کارڈ کے طرز پر ایجوکیشن کارڈ کے اجراءسے متعلق معاملات پر بھی گفتگو کی گئی۔ جن علاقوں میں سکول نہیں وہاں ایجوکیشن کارڈ کے ذریعے دور افتادہ علاقوں کے بچوں کو نجی سکولوں میں داخل کرانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ <><><><><><>